انتقال و تعزیت

علم و فضل، صحافت و دعوت، اخلاص و للّٰہیت کا ایک روشن باب۔۔۔۔۔۔

علم و فضل، صحافت و دعوت، اخلاص و للّٰہیت کے ایک روشن باب کے اختتام کی خبر سن کر دل غم سے نڈھال اور آنکھیں اشکبار ہیں۔ یہ انتہائی رنج و الم کے ساتھ اطلاع ملی کہ فخرِ صحافت، خلیفۂ حضور تاج الشریعہ، دامادِ حضور عزیز ملت، استاذِ باکمال، صاحبِ قلم و قرطاس، حضرت علامہ و مولانا مبارک حسین صاحب قبلہ مصباحی استاذ جامعہ اشرفیہ مبارک پور و ایڈیٹر ماہنامہ اشرفیہ مبارک پور کا آج شب جمعہ 05 جون 2026ء کو انتقال پرملال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

بلاشبہ حضرت موصوف علم و عمل، فکر و نظر، تدریس و صحافت اور مسلکِ اہلِ سنت کی ترجمانی کا ایک معتبر نام تھے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی دینِ متین کی خدمت، طلبہ کی علمی تربیت، اہلِ سنت کے عقائد و نظریات کی اشاعت اور قلمی جہاد میں صرف فرمائی۔ جامعہ اشرفیہ مبارک پور اور ماہنامہ اشرفیہ کے ذریعے آپ کی علمی، فکری اور صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آپ کا وصال علمی دنیا کے لیے ایک عظیم خسارہ اور اہلِ سنت کے لیے ایک ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔
رسولِ اکرم ﷺ کا فرمان ہے:
“إذا مات ابن آدم انقطع عمله إلا من ثلاث: صدقة جارية أو علم ينتفع به أو ولد صالح يدعو له”
حضرت موصوف نے علمِ نافع کی جو شمعیں روشن کیں، ان شاء اللہ وہ قیامت تک ان کے لیے صدقۂ جاریہ اور رفعتِ درجات کا سبب بنتی رہیں گی۔
غم کی اس گھڑی میں فقیر گدائے اشرفی جمال احمد صدیقی اشرفی القادری، بانی دارالعلوم مخدوم سمنانی شل پھاٹا ممبرا، نیز ادارہ کے تمام اساتذہ، طلبہ اور وابستگان کی جانب سے خانوادۂ عزیز ملت، اہلِ خانہ، تلامذہ، متعلقین اور جملہ پسماندگان کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور اس عظیم صدمہ میں خود کو برابر کا شریک سمجھتے ہیں۔
بارگاہِ رب العزت میں دعا ہے کہ وہ اپنے محبوب مکرم ﷺ کے صدقے مرحوم کو غریقِ رحمت فرمائے، ان کی کامل مغفرت و بخشش فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کے حسنات کو قبول فرمائے اور ان کے تمام لواحقین کو صبرِ جمیل، حوصلۂ عظیم اور اجرِ جزیل نصیب فرمائے۔
اللّٰهُمَّ اغْفِرْ لَهُ وَارْحَمْهُ وَعَافِهِ وَاعْفُ عَنْهُ، وَأَسْكِنْهُ فَسِيحَ جِنَانِكَ، وَأَلْهِمْ أَهْلَهُ وَمُحِبِّيهِ الصَّبْرَ وَالسُّلْوَانَ.
آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ

شریکِ غم: گدائے اشرفی جمال احمد صدیقی اشرفی القادری
بانی دارالعلوم مخدوم سمنانی شل پھاٹا ممبرا
مولانا نسیم رضا فیضی
صدر المدرسین دارالعلوم مخدوم سمنانی شل پھاٹا ممبرا۔

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے