ازقلم: ساجد محمود شیخ، میراروڈ ضلع تھانے
مکرمی میراروڈ ممبئی کے مغربی مضافات سے جڑا ہوا ایک ایسا علاقہ ہے جو تر تھانہ ضلع میں واقع ہونے کے باوجود ممبئی شہر سے زیادہ قریب ہے۔ میراروڈ ممبئ شہر سے سماجی،معاشی اور جذباتی طور پر جُڑے ہونے کی وجہ سے ممبئی میں شامل نظر آتا ہے۔ میراروڈ ایک نئی بستی ہے ۔ بیس پچیس سال پہلے ممبئی کے بیشتر علاقوں سے لوگ ترکِ مکانی کرکے میراروڈ منتقل ہونے لگے کیونکہ یہ ممبئی کے دیگر علاقوں کی بہ نسبت سستا ہے ۔دھیرے دھیرے گنجان آباد علاقہ بن گیا ۔ مگر یہاں سرکاری سہولیات کا ہمیشہ فقدان رہا ہے ۔ پانی کی عدم دستیابی کے علاؤہ دیگر بلدی مسائل کے ساتھ ساتھ آمدورفت کا مسئلہ بھی سنگین نوعیت کا رہا ہے ۔میراروڈ کے بیشتر افراد ملازمت و تجارت کے لئے ممبئی جاتے ہیں ۔روزانہ ہزاروں افراد میراروڈ سے ممبئی بذریعہ لوکل ٹرین سے سفر کرتے ہیں ۔ممبئی سے کافی دور ہونے کی وجہ سے سوائے لوکل ٹرین کوئی دوسرا ذریعہ آمد و رفت ممکن نہیں ہے۔ میراروڈ میں صبح کے اوقات میں لوکل ٹرین میں سوار ہونا جوۓ شیر لانے کے مترادف ہے ۔میراروڈ سے چرچ گیٹ کی طرف جانے کے لئے ویرار سے آنے والی لوکل ٹرین پکڑنا پڑتا ہے ۔ چونکہ میراروڈ اس روٹ پر پانچواں اسٹیشن پڑتا ہے اس لئے ٹرین میراروڈ پہنچنے تک کافی بھر جاتی ہے اور تل دھرنے کو جگہ نہیں رہتی ہے۔ چند ایک نوجوان بڑی مشقّت سے ٹرین میں چڑھ جاتے ہیں مگر بزرگوں،خواتین ،بیمار و معذور افراد صبح کے اوقات میں ٹرین پکڑنا ایک خواب جیسا ہے ۔ ٹرین پکڑنے کی کوشش میں کئی نوجوان حادثہ کا شکار ہوتے ہیں اور کئی ایک نے اپنی جانیں گنوا دیں ہیں ۔ ویسٹرن ریلوے نے اس روٹ پر دیگر چھوٹے اسٹیشن مثلاً نالا سوپارہ ،وسئی اور بھائندر سےلوکل ٹرین شروع کی ہے مگر میراروڈ کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ میری ویسٹرن ریلوے کے افسران سے گذارش ہے کہ صبح کے مصروف اوقات میں میراروڈ سے بھی لوکل ٹرین شروع کی جائے۔ امید ہے کہ مذکورہ ذمّہ داران معاملہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر اقدام کریں گے۔