تحریر: خلیل احمد فیضانی، جودھپور راجستھان
چند دن پہلے ترک صدر رجب طیب اردگان زید مجدہ نے شیخ ابدالی علیہ الرحمہ سے منسوب اقوال کو نقل کرتے ہوۓ لوگوں کو مخاطب کیا
اور کہا کہ یہ اقوال ہماری روحوں کو پیغام دیتے ہیں
وہ اقوال یہ ہیں :
جاہل کے ساتھ دوستی مت کرنا !
کیوں کہ وہ علم نہیں رکھتا،عرفان نہیں جانتا،بولنا نہیں جانتا،اور اگر تم نے اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا!
بے ادب کے ساتھ دوستی مت کرنا!
کیوں کہ وہ اصول نہیں جانتا،حدود نہیں جانتا،ادب نہیں جانتا اور اگر تم نے اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا!
لالچی کے ساتھ دوستی مت کرنا !
کیوں کہ وہ اکرام کرنا نہیں جانتا،اس کی پیاس نہیں بجھتی،آداب نہیں جانتا اور اگر تم نے اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا-
کم ظرف سے دوستی مت کرنا!
کیوں کہ وہ طریقہ نہیں جانتا،ڈھنگ نہیں جانتا،
راہ نہیں جانتا اور اگر تم نے اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا-
مغرور سے دوستی مت کرنا!
کیوں کہ وہ وسعت قلبی نہیں رکھتا،احوال نہیں جانتا،حال و محل نہیں جانتا اور اگر تم نے اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا-
شاطر کو دوست مت بنانا!
کیوں کہ وہ کینہ پروری سے بولتا ہے ،فضول بولتا ہے ,ضرورت سے زیادہ بولتا ہے اور اگر تم نے اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا-
بزدل سے دوستی مت کرنا !
کیوں کہ وہ بہادری نہیں جانتا، دوستی نہیں جانتا،بے دل ہوتا ہے
اور اگر اس سے دوستی کرلی تو ایک دن یقیناً تمہیں پچھتانا پڑے گا کسی اور کو نہیں
لیکن ان میں سے کسی کو آپ کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو بلادغدغہ کارخیر میں حصہ لیجیے یعنی ان کی دوستی و صحبت کی ممانعت ہے نہ کہ ان کی مدد کرنے و مشکل وقت میں سہارا دینے کی-