نیتجۂ فکر: عبدالمبین حاتمؔ فیضی، مہراج گنج
اگر میں دیکھ لوں روضہ تمہارا یارسول اللہ
تو مل جائے مجھے جنت کا مژدہ یارسول اللہ
فلک بھی چاند کے مانند ہوجائے گا دو ٹکڑے
تمہارا ہو اگر اس کو اشارہ یارسول اللہ
پھنساہوں بحرعصیاں کےتلاطم میں کرم فرما
مجھے اب چاہیے تیرا سہارا یارسول اللہ
غمِ ہجرِ مدینہ میں بہت ناشاد رہتا ہوں
مجھے اب تو بلالیجے مدینہ یارسول اللہ
یقیناً بھیک دیتا ہے سلاطینِ زمانہ کو
وہ، جس نے پالیا تیرا اتارا یارسول اللہ
کھُلے جب نامۂ اعمال میرا بر سر محشر
تو آکے اس گھڑی دینا دلاسہ یارسول اللہ
اسے صدقہ عطا ہو حضرت حسان و جامی
ثنا خواں حاتمِ خستہ ہے تیرا یارسول اللہ