نتیجۂ فکر: سید اولاد رسول قدسی، امریکہ
نائب حیدر کرار امام اعظم
علم و حکمت کے ہیں گلزار امام اعظم
ہے ائمہ میں مقام ان کا بلند و بالا
تابعیت سے ہیں سر شار امام اعظم
واضعین ان سے ہوئے سارے جہاں میں رسوا
ہیں حدیثوں کے نگہدار امام اعظم
مسئلے اسی ہزار آپ سے ہیں مستنبط
فقہ کے مطلع انوار امام اعظم
سنتے ہی سورۂ زلزال ہوئے اشک آلود
رحمت رب کے ہیں حقدار امام اعظم
سامنے ان کے جبینِیں عقلا کی ہیں خم
عقل و دانش کے ہیں مینار امام اعظم
روبرو ان کے کھڑے ہیں فقھا صف بستہ
حسن اقوال کے معیار امام اعظم
عالم خواب میں سو بار ہوئے خوب ہوئے
رب کے دیدار سے سرشار امام اعظم
حضرت شافعی مذہب پہ کریں جن کے عمل
مجتہد ایسے ہیں ضوبار امام اعظم
ان سے رہتا ہے سراسیمہ تنزل کا شعور
یوں ترقی کے ہیں آثار امام اعظم
قبل آمد دی دعا شیر خدا نے ان کو
جلوۂ بخت ضیا بار امام اعظم
قول سرکار “لَنَالَہ” کے ہیں مصداق مبیں
رفعتِ شان کے شہ کار امام اعظم
قول ہے حضرت جعفر کا ہیں وہ اعلیٰ فقیہ
مدحتوں کے ہیں سزاوار امام اعظم
بیس دن پڑھتے رہے لوگ جنازے کی نماز
ہیں محب شہ ابرار امام اعظم
ان کے اذکار سے وابستہ ہے روحانی سکوں
قدسیؔ قندیل دل تار امام اعظم