سونولی(لہرا بازار) مہراج گنج: 21مارچ، ہماری آواز(نامہ نگار)
کل شام بعد نماز عشا انجینئر سبحان اللہ صاحب کے شادی خانہ آبادی کے موقع پر جشن عید میلاد النبی کا انعقاد بحسن و خوبی عمل میں آیا۔ جس کی صدارت و سرپرستی استاذالاساتذہ حضرت علامہ سرور علی قادری(پرنسپل: جامعہ عربیہ اہل سنت مصباح العلوم،خلیل آباد) نے فرمائی قرآن مقدس کی پاکیزہ تلاوت سے آغاز جلسہ کے علاقائی و بیرونی علماے کرام و شعارے عظام نے اپنی عمدہ نعت خوانی اور خطاب نایاب سے یکے بعد دیگرے سامعین و حاضرین کو محظوظ کیا۔۔۔
نعت خوان رسول اکرم حافظ محمد جسیم، حافظ قطب الدین، مداح مصطفیٰ مولانا حافظ محمد زبیر رضوی، بلبل باغ طیبہ قاری خان محمد قادری(بندیشرپور) اور شاعر اسلام مولانا عبدالکریم فیضی نظامی نے نعت و منقبت پیش کیئے وہیں خطیب نوجوان حضرت مولانا مفتی محمد شعیب رضا نظامی فیضی(چیف ایڈیٹر: ہماری آواز،گورکھپور)، خطیب ملت حضرت علامہ نظام احمد مصباحی(بانی و سربراہ: تحریک پیغام انسانیت،بدلباغ،مہراج گنج) خطیب اہل سنت حضرت مولانا جمال احمد فیضی اور ماہر درسیات حضرت علامہ صوفی و مفتی بیت اللہ صاحب قبلہ رضوی نے اپنے اپنے خطاب نایاب سے نوازا۔
دوران خطاب حضرت مفتی بیت اللہ رضوی نے فرمایا کہ "آج سماج و معاشرہ کی حالت نہایت ہی خستہ ہے، لوگوں کو دوسروں کے حقوق کی پاسداری کرنی ضروری ہے اور عورتیں دنیا کی خوب صورت سرمایہ ہیں ان کی عزت و ناموس کی حفاظت صرف اور صرف پردہ میں ہوسکتی ہے”.
جبکہ علامہ نظام احمد مصباحی نے مسلک اہل سنت مسلک اعتدال پر عمدہ کفتگو فرماتے ہوئے کہا کہ مسلک اعلیٰ حضرت وہی مسلک ہے جو حضرات صحابہ و تابعین اور ائمہ مجتہدین کا تھا غیروں سے امتیاز کے لیے صرف نام بدلا ہے مسلک نہیں۔
وہیں اصلاح معاشرہ پر اپنی شاندار خطاب کے دوران مولانا جمال احمد فیضی نے کہا نبی کریم کی مبارک سیرت کو اپنانے کا نام ہی زندگی ہے ورنہ موت اس سے کہیں زیادہ بہتر ہے کہ ہم اپنے آقا کی سیرت و کردار کو اپنا نہ سکے۔
مفتی محمد شعیب رضا نظامی فیضی نے حالات حاضرہ اور شریعت مطہرہ کے عنوان پر اپنے خطاب کے دوران ملعون وسیم رافضی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ "وسیم رافضی جیسے لوگ نہ تو قرآن کو پڑھتے ہیں اور نہ علما کے قریب ہوتے ہیں، یہ صرف ٹی۔وی۔ ڈیبیٹ سے اسلام و قرآن کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور غیروں سے سنی سنائی باتوں میں آکر مذہب و شریعت کی توہین کرتے ہیں انھیں چاہیے کہ وہ قرآن کو پڑھ کر سمجھیں کہ قرآن کو سمجھنے کے بعد انسان کبھی گمراہ ہو ہی نہیں سکتا”.
اخیر میں صلوۃ و سلام اور استاذ الاساتذہ حضرت علامہ سرور علی قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالی کی دعاؤں پر جلسہ کا اختتام ہوا۔