نعت : قبر میں لہرائیں گے تاحشر چشمے نور کے

از : ناچیز محمد حسین مشاہدؔ رضوی

صبح طیبہ میں ہوئی بٹتے ہیں صدقے نور کے
صدقے لینے نور کے آے ہیں تارے نور کے​

ہیں مرے آقا بنے سارے کے سارے نور کے​
ذکر اُن کا جب بھی ہوگا ہوں گے چرچے نور کے​

دل میں نظروں میں بسیں طیبہ کی گلیاں نور کی
روح میں بس جائیں طیبہ کے نظارے نور کے​

داغِ فرقت نور والے شہر کا اب دیں مٹا
گنگناوں آکے طیبہ میں ترانے نور کے​

طلعتِ آقا لحد میں میری جلوہ گر تو ہو
’’قبر میں لہرائیں گے تا حشر چشمے نور کے ‘‘​

نوری سُرمہ خاکِ طیبہ کا لگاوں آنکھ میں
اپنی نظروں میں بسالوں میں ستارے نور کے​

آپ کے زیرِ قدم ہیں سارے نیچر کے اُصول
پاے اطہر کے بنے پتھر میں نقشے نور کے​

چشمۂ تسنیم و کوثر اور بہارِ خُلد بھی
زُلفِ احمد کیلئے ہیں استعارے نور کے​

نورِ احمد ہے عیاں سارے جہاں میں بے گماں
جتنے جلوے بھی ہیں دنیا میں ہیں ان کے نور کے​

نور والوں کا گھرانا اپنا مارہرہ شریف
جِھلملاتے جیسے پر تَو مصطفیٰ کے نور کے​

خاندانِ پاکِ برَکاتِیہَّ کے فیضان سے
پھل رہے ہیں چار جانب ’’ نوری شجرے ‘‘ نور کے​

اعلیٰ حضرت کے ’’ قصیدئہ نوریہ ‘‘ کے فیض سے
اے مُشاہدؔ لکّھے میں نے کچھ ترانے نور کے

Leave a Comment