رشحات قلم : محمد زاہد رضا بنارسی
دین سے بڑھ کے اگر تجھ کو جچے گی دنیا
آخرت پائے گا تو اور نہ ملے گی دنیا
ہٹ کے سرکارِ مدینہ کے اصولوں سے کبھی
نہ چلی تھی نہ چلی ہے نہ چلے گی دنیا
سنتِ احمدِ مرسل میں اے ڈھلنے والے
میرا ایماں ہے تری داسی بنے گی دنیا
کھلتے جائیں گے خدائی کے رموز واسرار
جب بھی معراج محمدﷺ کوپڑھے گی دنیا
کب مرا عشقِ نبی ہوگا جنونی مولا
کب مجھے شاہ کا دیوانہ کہے گی دنیا
میرا ایمان ہے یہ اے مرے آقائے کریم
ایک دن آپکی سیرت پہ چلے گی دنیا
صرف اک بار درِ آقا پہ ہو آ "زاہد”
پھر ترے دل کو کبھی بھا نہ سکے گی دنیا