سیرت و شخصیات گوشہ کتب

معارف اشرف الفقہاء: تعارفی کرنیں..!

نوساری کی سرزمین سے علمی کام…

حضور مفتی اعظم کے خلفا میں جو جہاں ہے؛ وہیں خوشبو بکھیر رہا ہے۔ ان میں ایک نمایاں نام حضور اشرف الفقہاء مفتی محمد مجیب اشرف علیہ الرحمۃ کا ہے۔ صدرالشریعہ کے جوارِ علم ’’گھوسی‘‘ سے طلوع ہونے والا یہ ماہتاب ناگپور میں ایک سال قبل غروب ہو گیا۔ لیکن! اس کی کرنیں آج بھی جہانِ سُنیّت کو نورٌ علیٰ نور بنائے ہوئے ہے۔ بزمِ خطابت سے تطہیر فکر و نظر اور فروغِ مسلکِ اعلیٰ حضرت کا جو فریضہ مفتی محمد مجیب اشرف علیہ الرحمۃ نے انجام دیا وہ مثالی ہے۔ بزمِ معرفت بھی آپ کی خدمات سے معطر ہے۔ سلسلۂ قادریہ برکاتیہ رضویہ کی وسیع پیمانے پر اشاعت کی۔ دلوں کی بزم میں انقلاب برپا کیا۔ اعلیٰ حضرت کے پاکیزہ افکار کی خوشبو پھیلائی۔اشعارِ رضاؔ کی توضیح و تشریح کے ذریعے عشقِ رسول ﷺ کو دلوں میں بسایا۔

مولانا غلام مصطفیٰ برکاتی (بانی دارالعلوم انوارِ رضا نوساری) نے حضور اشرف الفقہاء کی خدمات کو منصۂ شہود پر لانے کا عزم کیا۔ ’’معارفِ اشرف الفقہاء‘‘ کی اشاعت عرسِ اشرف الفقہاء کی بہاروں میں عمل میں آئی۔ "معارفِ اشرف الفقہاء” کے کل صفحات ۵۱۲؍ہیں۔ مشاہیر علما و مشائخ نیز محققینِ اہلِ سنت کی نگارشات شاملِ اشاعت ہیں۔ کل ابواب ۱٤؍ ہیں۔ جن کا اجمال اس طرح ہے:

پہلاباب: حیات و خدمات
دوسرا باب: مشائخ و اساتذہ
تیسرا باب: فقہی بصیرت
چوتھا باب: اخلاق و آداب
پانچواں باب: خدمات کا تنوع
چھٹا باب: یادوں کے نقوش
ساتواں باب: تابشِ فکر و نظر
آٹھواں باب: خطبات کا تنوع
نواں باب: انتخابِ کلامِ مجیب
دسواں باب: بزم شعر و ادب
گیارھواں باب: جادہ و منزل
بارھواں باب: تحریری خدمات
تیرھواں باب: تعزیتی پیغامات
چودھواں باب: مناقب

ترتیب کے فرائض مولانا سرفراز احمد ازہری پرنسپل دارالعلوم انوارِ رضا نوساری نے انجام دیے۔ معاونت ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی اور احقر غلام مصطفیٰ رضوی (نوری مشن مالیگاؤں) نے کی- دارالعلوم کے اساتذہ نے پروف ریڈنگ کی۔ مرتب نے جان دار اداریہ لکھا۔ جس میں منزل بہ منزل حضور اشرف الفقہاء کی خدمات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یادوں کے نقوش تازہ کیے گئے۔ سوانحی رخ سے حضور اشرف الفقہاء کا انٹرویو بھی خاصا اہم ہے۔ معارفِ اشرف الفقہاء میں کئی جہتوں کو سمیٹا گیا ہے۔ کئی گلشن مہک رہے ہیں۔ کئی بزمیں سجی ہوئی ہیں۔ مطالعہ سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ حضور اشرف الفقہاء بزم میں رونق افروز ہیں۔ فیضِ حضور مفتی اعظم کی جلوہ گری ہے۔ دل پذیر لحن سے فضا گونج رہی ہے۔ اشعارِ رضا کا خوشگوار ارتعاش ہے۔ ’’معارفِ اشرف الفقہاء‘‘ کی اشاعت وقت کا تقاضا ہے۔ اپنے اسلاف کے نقوش کو مشعلِ راہ بنانے والی نسلیں ان کی یادوں کے گلشن سجایا کرتی ہیں اور ان کے کارہاے نمایاں کو محفوظ کر کے فروغِ دین و سنیت کے کئی قصر تعمیر کرتی ہیں۔ یقیناً یہ کارنامہ آبِ زر سے لکھے جانے کے لائق ہے۔ اشاعت کا فریضہ دارالعلوم انوارِ رضا نوساری نے انجام دیا- ٦ اگست ٢٠٢١ء جمعہ کی شام ساداتِ کرام کے ہاتھوں رائل انگلش میڈیم اسکول کی افتتاحی تقریب میں اجرا ہوا-

ازقلم : غلام مصطفیٰ رضوی، مالیگاؤں

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے