از قلم : شیخ عسکری رضوی بنارسی
ہے لب پہ میرے بھی نغمہ حسین اعظم کا
ملک بھی کرتے ہیں چرچا حسین اعظم کا
جہاں میں اعلیٰ ہے تقویٰ حسین اعظم کا
بتا رہا ہے یہ سجدہ حسین اعظم کا
زمیں کو چھان کے جبریل بھی یہی بولے
بہت حَسِین ہے نانا حسین اعظم کا
کہا ہے سرورِ عَالَم نے میں اُسی کا ہوں
ہوا جو میرے حسن کا حسین اعظم کا
ہیں اُن کے بابا علی ماں ہیں فاطمہ زہرا
نسب ہے ارفع و اعلیٰ حسین اعظم کا
یہی ہے آرزو مُدَّت سے اَے مرے مولیٰ
نظر سے دیکھ لوں روضہ حسین اعظم کا
بہشت ہوگی مقدر میں عسکری اس کے
جو شخص دل سے ہے شیدا حسین اعظم کا