از قلم : محمد شوقین نواز شوق فریدی
جان رحمت شان وحدت مصطفیٰ
پیکر انوار قدرت مصطفیٰ
رب اکبر کی قسم ہیں لاجواب
آپ کے اطوار و عادت مصطفٰی
اس سے راضی ہے خدائے دوجہاں
جس کو ہے تم سے محبت مصطفیٰ
انبیاء کو بخشی ہے اللہ نے
آپ کے صدقے نبوت مصطفیٰ
ہے یہ حسرت مرتے دم میں دیکھ لوں
آپ کی نورانی صورت مصطفیٰ
آپ سے ظلمت کی بدلی چھٹ گئی
آپ سے پھیلی ہے طلعت مصطفیٰ
وہ بروز حشر بخشا جائے گا
"جس کی لے لیں گے ضمانت مصطفیٰ”
جب سے نعتیں آپ کی لکھنے لگا
بڑھ گئی ہے میری عزت مصطفیٰ
آرزو ہے ، عمر بھر کرتا رہے
شوق عاصی تیری مدحت مصطفیٰ