رشحات قلم : سید اولاد رسول قدسی مصباحی
شہِ دوجہاں کی نواسی ہیں زینب
علی اور زہرا کی پیاری ہیں زینب
ہے تاریخِ کرب وبلا اب بھی شاہد
تحمل کے میداں کی غازی ہیں زینب
کیا حق پہ عون و محمد کو قرباں
شرف یابِ قربِ الہی ہیں زینب
یزیدی تھے حیران ہمت پہ ان کی
شجاعت کے گلشن کی ڈالی ہیں زینب
تھی عکسِ جمیلِ بتول ان کی ہستی
ضیا بار سیرت کی داعی ہیں زینب
حسینی وصیت ہوئی ان سے پوری
شریعت کی پرزور حامی ہیں زینب
امامِ حسین ان پہ نازاں تھے ہردم
صفاتِ حمیدہ میں عالی ہیں زینب
حیات ان کی ہے منبعِ درسِ قدسی
یوں جلوہ گہِ حق شناسی ہیں زینب