شعر و شاعری

آواز

نیاز جے راج پوری علیگ

وطن آواز دیتا ہے اُٹھو بیدار ہو جاؤ
چلو اے نَو جوانو ! دیش کے تیّار ہو جاؤ
تُمہارے سَر پہ سایہ ہو خُدا کی مہربانی کا
خُدا رکّھے ! تمہیں راس آئے یہ موسم جوانی کا
تمہیں دِیدار ہو ہر موڑ پر سپنوں کی رانی کا
بنو عُنوان تُم عِشق و محبّت کی کہانی کا
مگر حالِ وطن کے بھی تو واقِف کار ہو جاؤ
چلو اے نَو جوانو ! دیش کے تیّار ہو جاو
حسینوں ، نازنینوں کے خیال و خواب بِسراؤ
شہیدِ ابروئے خَم دار ہو جانے سے باز آؤ
اسیرِ گیسوئے پُر پیچ و خم ہو کر نہ رہ جاؤ
ذرا کُچھ دیر کو باغِ تصوُّر سے نِکل آؤ
ابھی تُم بے نیازِ جلوئہ دِلدار ہو جاؤ
چلو اے نَو جوانو ! دیش کے تیّار ہو جاو
تُمہیں عِشق و محبّت کے سِوا کُچھ اور کرنا ہے
بنانا ہے کوئی خاکہ کِسی میں رنگ بھرنا ہے
تُمہیں اپنے وطن کے حال پر بھی غور کرنا ہے
تُمہارے ہاتھوں سے کِتنے ہی شیطانوں کو مَرنا ہے
وطن دُشمن ہیں جو اُن کے لئے تلوار ہو جاؤ
چلو اے نَو جوانو ! دیش کے تیّار ہو جاو
تُمہیں آزادی کو آزاد بھارت کی بچانا ہے
گُلِ یکجہتی اور سُکھ شانتی تُم کو کِھلانا ہے
تُمہیں نام و نِشاں فِرقہ پرستی کا مِٹانا ہے
بہت سے زخم ہیں جِن پر تُمہیں مرہم لگانا ہے
یتیموں اور مظُلوموں کے تُم غم خوار ہو جاؤ
چلو اے نَو جوانو ! دیش کے تیّار ہو جاو
کرو کُچھ فِکر اپنے دیش کی اور دیش والوں کی
جرائِم اور بَدعُنوانی ، گھپلوں اور کھوٹالوں کی
تُمہاری سامنے فہرِست رکّھی ہے سوالوں کی
تُمہیں ہے جُستجو کرنی اندھیروں میں اُجالوں کی
کرو روشن وطن کو پَیکرِ انوار ہو جاؤ
چلو اے نَو جوانو ! دیش کے تیّار ہو جاو

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے