نتیجہ فکر: محمد اشرفؔ رضا قادری
مدیر اعلی سہ ماہی امین شریعت
سارے ہی جن و بشر حمدِ خدا کرتے ہیں
باغِ عالم کے شجر حمدِ خدا کرتے ہیں
بدر و انجم ہیں بصد شوق ثنا میں مصروف
کہکشاں، شمس و قمر حمدِ خدا کرتے ہیں
اس کی تسبیح میں مشغول ہے ذرہ ذرہ
با ادب سارے حجر حمدِ خدا کرتے ہیں
کر کے شبنم سے وضو عجز کا پیکر بن کر
پھول بھی وقتِ سحر حمدِ خدا کرتے ہیں
نغمۂ حمد و ثنا بر لبِ اعضائے بدن
قلب اور دیدۂ تر حمدِ خدا کرتے ہیں
گلشنِ دہر کا ہر پھول میں چرچا اس کا
سنبل و برگ و ثمر حمدِ خدا کرتے ہیں
لفظ و معنی سے صدا آتی ہے ‘ اللہ، اللہ ‘
بے زباں برق و شرر حمدِ خدا کرتے ہیں
کلمۂ طیبہ پڑھتا ہے ملائک کا گروہ
بلبلِ سدرہ کے پَر حمدِ خدا کرتے ہیں
رب کی تحمید وظیفہ ہے قلم کاروں کا
صاحبِ فکر و نظر حمدِ خدا کرتے ہیں
فقہ و تفسیر و حدیث اور معانی و اصول
فکر و فن، علم و ہنر حمدِ خدا کرتے ہیں
کوئی شے اس کی ثنا سے نہیں غافل اشرفؔ
سب ہی بے خوف و خطر حمدِ خدا کرتے ہیں