سیدنا احمد کبیر رفاعی

منقبت در شان حضرت سید احمد کبیر رفاعی رحمتہ اللہ علیہ

سلسلہ خاندان عالیہ رفاعیہ کے بانی سرگردہ سلطان الاولیاء غوث المکرم ابوالعلمین حضرت امام سید احمد کبیر رفاعی قدس سرہ کا شمار صف اول کے اولیاء کرام میں ہوتا ہے. بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں آپ کے خصوصی مقام و منزلت کے اعتبار سے عوام و خواص میں آپ کو یکساں مقبولیت حاصل ہے. آپ کی شان و عظمت میں ہر صدی رطب اللسان ہے علماء و مشائخ نے جہاں اپنے مواعظ، خطابات و تصانیف کے ذریعہ آپ کی حیات مبارکہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا ہے وہیں اہل سخن نے بھی آپ سے متعلق اپنے دلی جذبات کا اظہار کرنے کی سعادتیں حاصل کی ہیں. اسی مقصد کے تئیں 6/اپریل 1946ء کو نعلبندواڑا، بڑودہ گجرات میں ایک مشاعرہ منعقد ہوا تھا جس کا طرحی مصرعہ تھا
"مالک گلزار رضواں سید احمد کبیر”
اس پر ہندوستان کے نامور شخصیات نے شرکت فرما کر فن شاعری کے جوہر دکھائے اور ان ہی میں شہزادۂ حضرت ممدوح حضرت سید زین العابدین زاہد رفاعی رحمتہ اللہ علیہ، متوفی 1397ھ (خانقاہ رفاعیہ، بڑودہ، گجرات) نے بھی اپنے جد بزرگوار کی شان میں کلام پیش کیا جو تمام شرکائے مشاعرہ کی عقیدتوں کا حقیقی ترجمان کلام تھا. کلام پیش خدمت ہے۔

پرتو تنویر سبحاں سید احمد کبیر
مطلع تفسیر قرآں سید احمد کبیر

کاشف اسرار پنہاں سید احمد کبیر
حامل انوار یزداں سید احمد کبیر

اللہ اللہ تابش حسن و جمال روۓ پاک
شعلہ برق درخشاں سید احمد کبیر

خوگرِ الطاف و رحمت پیکر صبر و رضا
چارہ سازِ درد منداں سید احمد کبیر

تاجدارانِ گلستانِ جہاں کے تاجدار
مالک گلزار رضواں سید احمد کبیر

رونق بزم ولایت افسر کل اصفیا
خسرو اقلیم عرفاں سید احمد کبیر

دیدہ و دل آستان پاک پر قرباں کروں
بس یہی ہے میرا ارماں سید احمد کبیر

طور کے جلوے نظر آئیں نہ کیوں عشاق کو
آپ کا ہے لطف و احساں سید احمد کبیر

کعبہ دل ٹوٹ کر بتخانہ بن جائے تو بہت خوب
ہے یہی زاہد کا ارماں سید احمد کبیر

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے