نتیجہ فکر: غلام محی الدین جیلانی عرشی
اے رحمت ، کونین گھٹا غم کی ہے چھائی ، للہ دہائی
اے صاحبِ قوسین مدد کی گھڑی آئی ، للہ دہائی
حاصل ہے تُجھے تحفۂِ معراج کی دولت اللّٰہ کی رحمت
اے نور خُدا لاڈلۂِ آمنہ دائی ، للّٰہ دہائی
اے سرور کونین شہنشاہ مدینہ ، انمول نگینہ
حاصل ہے تُجھے بارگہِ رب میں رسائی ، للّٰہ دہائی
ممدوحِ رضاحضرت حسان وسعدی بوصیری وجامی
اللہ تعالیٰ بھی کرے تیری بڑائی ، للّٰہ دہائی
حاصِل ہے تُجھے جملہ رسولوں کی امامت ، یہ شان وکرامت
اے مظہرِ حق ، شاہِ جہاں ، ظل خدائی ، للّٰہ دہائی
شاہان زمانہ مرے آگے نہ چلیں گے پیچھے ہی رہیں گے
مل جائے اگر مجھ کو ترے در کی گدائی ، للّٰہ دہائی
اِس ڈوبتی کشتی کو ملے تیرا سہارا ، مل جائے کنارا
"عرشی” نے بھی اُمّید ترے در سے لگائی ، للّٰہ دہائی