موتی ہاری (عاقب چشتی)
رحمانیہ پبلک اسکول رمڈیہا میں رحمانیہ فاؤنڈیشن و عوامی اردو نفاذ کمیٹی کے زیر اہتمام بزم شعر و سخن کا ماہانہ نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس میں علاقہ کے شعراء کے علاوہ اردو دوست افراد نے شرکت کی اس دوران ڈاکٹر طاہرالدین طاہر نے کہا کہ نعتیہ شاعری نہایت مشکل ترین امر ہے بغیر عشق رسالت کے ہمارے اشعار میں روحانیت پیدا نہیں ہوسکتی ہے اس لیے یہ عشق و عرفان کا مشعل ہمارے ایمان کو تروتازگی بخشتا ہے اور مغفرت و نجات کا اہم ذریعہ ہے جبکہ رحمانیہ پبلک اسکول کے ڈائریکٹر مولانا رضاء الرحمن حیدری نے کہا کہ بزم شعر و سخن کے انعقاد کا مقصد اردو زبان و ادب کا فروغ ہے اور نئے قلم کاروں کو فن شاعری کے رموز سے آشنا کرنا اور بہتر سمت بخشنا ہے اور شعر و شاعری سے شغف رکھنے والے افراد کے فکر و نظر کو مزید وسیع کرنا ہے بزم شعر و سخن کی صدارت ڈاکٹر طاہرالدین طاہر نے فرمائی مشاعرہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری محمد ہاشم صاحب نے کیا اور مولانا مطیع الرحمن نے صاحب طرح اعلی حضرت فاضل بریلوی کا مکمل کلام سنایا شعراء کے کچھ منتخب اشعار قارئین کی نذر ہے۔۔۔۔
آپ سے جو رجوع نہیں کرتے
در بدر یوں ہی خوار پھرتے ہیں
طاہر نبیلی
بخش دے گا ہمیں یقیناً وہ
بن کے امیدوار پھرتے ہیں
عبدالخالق خاکی
جو بھی دین نبی کے ہیں باغ
در بدر یوں ہی خوار پھرتے ہیں
صابر علی نیر
جہاں میں جو بھی ہیں گستاخ نبی
در بدر یوں ہی خوار پھرتے ہیں
جمال شبر چمپارنی
دید طیبہ کی فکر میں مولا
میرے لیل و نہار پھر تے ہیں
رضا چمپارنی
اس موقع سے مولانا کوثر چمپارنی جناب عبدالقدوس سابق سرپنچ، غلام مرتضیٰ بہار پو لیس ، محمد حفیظ الرحمن ، حافظ غلام حسن ، مولانا محمد عطاء الرحمن حیدری ، مولانا غلام مصطفیٰ حیدری کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شامل بزم تھے۔ناظم مشاعرہ جناب شبر چمپارنی نے بتایا کہ بزم شعر و سخن کا ماہانہ طرحی مشاعرہ آئندہ 26 دسمبر 2021 بروز اتوار بزم شعر و سخن کا انعقاد ہوگا جس کے لیے دو مصرع طرح کا منتخب کیا گیا ایک نعت پاک اور دوسرا غزل کے لیے ہے؛
نعت پاک:- مصطفی آگئے انقلاب آگیا
غزل:- پھر بھی الزام میرے سر پہ ہے غداری کا
چمپارن کے کہنہ مشق شعرائے کرام کے علاوہ نوآموز شعراء بھی اس میں شرکت کرسکتے ہیں۔