شعر و شاعری

بزم "ایوانِ غزل” کے تحت ماہانہ طرحی مشاعرہ کا انقعاد

سعادت گنج،بارہ بنکی( پریس ریلیز ) "بزمِ ایوانِ غزل” کا ماہانہ طرحی مشاعرہ آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں استاد شاعر محترم طارق انصاری صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے عبداللٰہ مصطفٰی آبادی نے شرکت فرمائی۔ اس طرحی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر آفتاب جامی نے انجام فرمائے ، مشاعرہ کا آغاز فراز مکی صدرالدین پوری نے نعتِ پاک سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع
"تمہیں تم جلوہ آرا ہو نظر میری جہاں تک ہے”
پر باقاعدہ مشاعرہ کی ابتداء ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں….


مقامِ سدرہ تک جبریل کی اک حد مقرر ہے
پھر اس کے آگے انساں کی پہنچ ربِ جہاں تک ہے
طارق انصاری
ہیں جتنے بھائی اتنے جل رہے ہیں چولہے آنگن میں
دلوں میں بھائیوں کے دیکھئے نفرت کہاں تک ہے
بیڈھب بارہ بنکوی
مجھے مت دیکھ تو پرواز کی عظمت پہ رکھ نظریں
مری گردِ سفر تاروں کی دلکش کہکشاں تک ہے
ذکی طارق بارہ بنکوی
جدھر دیکھوں انھیں کے حسن کا جلوہ دکھائی دے
جنونِ عشق میں حالت مری پہنچی یہاں تک ہے
اسلم سیدنپوری
یہ ہاؤ ہوئے میخانہ یہ پیمانوں کی بےتابی
ہمیں رندوں سے باقی ہے اسی پیرِ مغاں تک ہے
عبداللٰہ مصطفٰی آبادی
خزاں کے دور تک ساری حقیقت سامنے ہوگی
یہ سب موسم کی شادابی بہارِ گلستاں تک ہے
مشتاق بزمی
تھی پہلے واقفِ زنداں مگر اب دشنہء نفرت
مری شاخِ نشیمن تک ہے صحنِ گلستاں تک ہے
حامد مصطفٰی آبادی
میں ہوں اس بات پر نازاں کہ وہ ہمدرد ہے اپنا
رسائی جس کے قدموں کی یہاں سے لامکاں تک ہے
نازش بارہ بنکوی
مجھے وہ دیکھ کر منھ پھیر لیتا ہے ادھر دلکش
نہیں معلوم تھا مجھ سے اسے نفرت یہاں تک ہے
دلکش چوکھنڈوی
ستانا چھوڑ دے مظلوم کو اب سے تو اے ظالم
دعا مظلوم کی فوراً پہنچتی آسماں تک ہے
فراز مکی صدرالدین پوری
کسی پر بھی نہ ظاہر ہو سحر اتنا ضروری ہے
یہ رازِ عشق جو تیرے ہمارے درمیاں تک ہے
سحر ایوبی
حکومت صرف اے ظالم تری ہندوستاں تک ہے
جو مالک سب کا ہے اس کی حکومت کل جہاں تک ہے
راشد رفیق چوکھنڈوی


ان شعراء کے علاوہ آفتاب جامی ، عظیم چوکھنڈوی ، طالب نور وغیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا سامعین میں ماسٹر محمد وسیم ، ماسٹر محمد قسیم ، ماسٹر محمد حلیم ، محمد سفیان اعطاق صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں ۔ بزمِ ایوانِ غزل کا آئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ درج ذیل مصرع پر 26/ دسمبر بروز اتوار کو ہوگا۔

"تیرا غم سن کے مری آنکھ سے نکلا پانی”

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے