نعت رسول

نعت رسول: حریم فکر کو کردو معطر یا رسول اللہ

نتیجہ فکر: غلام محی الدین جیلانی عرشی
بلرامپور اُتر پردیش

حریمِ فکر کو کر دو معطّر یا رسول اللہ
دلِ تاریک ہو جاۓ منوّر یا رسول اللہ

دکھا دو اپنا پیارا روئے انور یا رسول اللہ
جگا دو میرا خوابیدہ مقدر یا رسول اللہ

دکھائے رنگ جب خورشیدِ یومِ حشر اپنا تو
کرے سایہ تری زُلف معنبر یا رسول اللہ

ہجوم دشمناں میں ہوں تنِ تنہا ہوں بے بس ہوں
نہیں تیرے سوا کوئی بھی یاور یا رسول اللہ

بجھائیں تشنگی جب اتقيا کوثر سے محشر میں
عطا کرنا ہمیں بھی جامِ کوثر یا رسول اللہ

قلم جُنبشِ میں آیا ہے تری تعریف کرنے کو
نمی گویم کہ من ہستم سخنور یا رسول اللہ

سکندر بخت کا اور وقت کا کہلائےگا عرشی
ترا روضہ بنے گر اِس کا محور یا رسول اللہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے