محمد اشرفؔ رضا قادری
مدیر اعلی سہ ماہی امین شریعت
اے شہنشاہِ مدینہ آپ کے آنے کے بعد
ہو گئی پُر نور دنیا آپ کے آنے کے بعد
وہ زمیں طعنِ فلک سے جو کبھی مطعون تھی
بن گئی رشکِ ثُریا آپ کے آنے کے بعد
اس جہانِ رنگ و بو میں آ گیا اک انقلاب
جانِ آدم، فخرِ حوا آپ کے آنے کے بعد
ہو گئی کافور ظلمت، جگ میں پھیلی روشنی
مرکزِ نور و تجلیٰ آپ کے آنے کے بعد
آیتِ ’’اقرا‘‘ سے بدلا قوم کا ذہن و مزاج
علم کا پھیلا اُجالا آپ کے آنے کے بعد
کفر کے ایوان میں بھونچال آیا، ہِل گیا
اہلِ باطل کا کلیجہ آپ کے آنے کے بعد
قیصر و کسریٰ کے ایوانوں میں آیا زلزلہ
اے شہنشاہِ مدینہ آپ کے آنے کے بعد
بت پرستوں کو ہوئی تکلیف، ٹھنڈا ہو گیا
اہلِ ایماں کا کلیجہ آپ کے آنے کے بعد
بیکسوں کو، غم زدوں کو مل گئی جائے اماں
دونوں عالم کے مسیحا آپ کے آنے کے بعد
دور آیا سرخوشی کا ، دہر میں جاری ہوا
فیض اور بخشش کا دریا آپ کے آنے کے بعد
بیٹیوں کو زندہ دفنانے کا اے اشرفؔ رضا
بدلا نا جائز طریقہ آپ کے آنے کے بعد