تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی و فلاح ناممکن : علما
کشن گنج: 17 / دسمبر ہماری آواز(نامہ نگار) پوٹھیا بلاک کے ماتحت ویرپور، مٹیا بھیٹا میں جمعیۃ فروغ تعلیم کی طرف سے ایک روزہ دینی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں مولانا زین العابدین سنابلی، مولانا عبدالکریم جامعی، مولانا عبدالخبیر محمدی، ماسٹر علاء الدین، عبدالمعید سلفی، مولانا عبدالرحمن محمدی، شمیم اختر اصلاحی، نور الاسلام محمدی، ماسٹر ابوالقاسم، شیخ جہانگیر عالم، مولانا آفتاب اظہر صدیقی اور مسعود عالم مدنی وغیرہ علمائے کرام نے بطور خاص شرکت فرمائی۔
علماے کرام نے اپنے بیانات میں تعلیم و ترقی اور ایمان کو مضبوط کرنے پر توجہ دی، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی و فلاح ناممکن ہے، آج کے ترقی یافتہ دور میں جہاں اسلام کے خلاف نت نئی سازشوں کا جال بچھایا جارہا ہے، وہیں اسلام کی اشاعت و تبلیغ کے لیے بھی بے شمار راہیں کھل رہی ہیں، ایسے میں ہمیں اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا، داعیانہ جذبات کے ساتھ دعوت کے کاموں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کرنا ہوگا، نیز اپنے آپ کو منظم کرکے مؤثر طریقہء کار کے ساتھ قوم و ملت میں فروغ تعلیم پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔