خانوادۂ رضا شعر و شاعری

امام احمد رضا کی بے مثال نعتیہ شاعری (قسط سوم)

تحریر: محمد اشرف رضا قادری
مدیر اعلیٰ سہ ماہی امین شریعت
بریلی شریف

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی علیہ الرحمہ کی نعتیہ شاعری کا علمی و ادبی پہلو یہ بھی ہے کہ اس میں صنائع لفظی و معنی کا ایک جہاں آباد ہے ۔ اختصار کو ملحوظ رکھتے ہوئے صرف دو مثال نذرِ قارئین کرتا ہوں ۔

قصیدہ مرصعہ :

قصیدہ مرصعہ اس قصیدہ کو کہتے ہیں جس میں مطلع اور حسنِ مطلع کے بعد کم از کم اٹھائیس (28 ) اشعار اس انداز سے ہوں کہ ہر شعر کے پہلے مصرعے کے آخر میں حروفِ تہجی کے تمام حروف الف سے یاء تک بالترتیب آ جائیں اور یہ سلسلہ حرف ’’ الف‘‘ سے بالترتیب شروع ہو کر حرفِ ’’ی ‘‘ پر ختم ہو ۔
اعلیٰ حضرت کا مشہور قصیدۂ درود’’ قصیدہ مرصعہ‘‘ کا عمدہ نمونہ ہے ۔ یہ قصیدہ ساٹھ اشعار پر مشتمل ہے ، جس کے مطلع اور حسنِ مطلع کے بعد ہر شعر کے پہلے مصرعے کا آخری حرف باعتبارِ حروفِ تہجی بالترتیب الف سے شروع ہو کر یاء پر ختم ہوتا ہے ۔ یہاں نمونے کے طور پر چند اشعار پیش کیے جاتے ہیں ، تفصیل کے لیے حدائق بخشش میں موجود قصیدے کا بالاستیعاب مطالعہ کریں :

کعبہ کے بدر الدجی تم پہ کروڑوں درود
طیبہ کے شمس الضحی تم پہ کروڑوں درود

شافع روز جزا تم پہ کروڑوں درود
دافعِ جملہ بلا تم پہ کروڑوں درود

(الف)
اور کوئی غیب کیا تم سے نہاں ہو بھلا
جب نہ خدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں درود

( ب )
ذات ہوئی انتخاب وصف ہوئے ’’لاجواب‘‘
نام ہوا مصطفےٰ تم پہ کروڑوں درود.

( ت )
تم سے جہاں کی حیات تم سے جہاں کا ’’ثبات‘‘
اصل سے ہے ظل بندھا تم پہ کروڑوں
درود

( ث )
تم ہو حفیظ و مغیث کیا ہے وہ دشمن ’’خبیث‘‘
تم ہو تو پھر خوف کیا تم پہ کروڑوں درود

( ج )
وہ شب معراج راج وہ صف محشر کا ’’تاج‘‘
کوئی بھی ایسا ہوا تم پہ کروڑوں درود

( ح )
جان و جہان مسیح ، داد کہ دل ہے ’’جریح‘‘
نبضیں چھٹیں دم چلا تم پہ کروڑوں درود

( خ )
اف وہ راہ سنگلاخ آہ یہ پا شاخ ’’شاخ‘‘
اے مرے مشکل کشا تم پہ کروڑوں درود

(د)
تم سے کھلا باب جود تم سے ہے سب کا ’’وجود‘‘
تم سے ہے سب کی بقا تم پہ کروڑوں درود

( ذ )
خستہ ہوں اور تم معاذبستہ ہوں اور تم ’’ملاذ‘‘
آگے جو شہ کی رضا تم پہ کروڑوں درود

( ر )
گرچہ ہیں بےحد قصور تم ہو عفو و ’’غفور‘‘
بخش دو جرم و خطا تم پہ کروڑوں درود

( ز )
بےہنر و بےتمیز کس کو ہوئے ہیں ’’عزیز‘‘
ایک تمہارے سوا تم پہ کروڑوں درود

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے