ازقلم: محمد سلیم انصاری ادروی
جامعہ مرکز الثقافة السنیہ کالی کٹ (کیرالا) ہندوستان کا اعلیٰ دینی اور عصری تعلیم دینے والا مرکزی دارالعلوم ہے۔ ویسے تو یہ ادارہ شافعی مذہب کا ترجمان ہے، لیکن اس میں حنفی اور شافعی دونوں فقہی مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبا پڑھتے اور اساتذہ پڑھاتے ہیں۔ شیخ ابوبکر احمد شافعی حفظہ اللہ اس کے بانی اور روح رواں ہیں، اور ان کی حیات ہی میں اس ادارے نے خوب ترقی کی، آج تقریبا بیس ہزار طلبا اس ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ دہلی، اتر پردیش، بہار، گجرات، کرناٹک، مہراشٹر، بنگال، آسام، تری پورہ، تمل ناڈو، کشمیر اور لکش دیپ وغیرہ میں اس کی شاخیں بھی موجود ہیں۔ ہمارے قصبہ ادری (ضلع مئو) کے ایک بڑے عالم، مولانا ظفر الاسلام مصباحی ادروی حفظہ اللہ (فاضل جامعہ اشرفیہ مبارک پور) کو بھی جامعہ مرکز الثقافة السنیہ کالی کٹ میں تقریبا دو سال تک بہ حیثیت استاذ فقہ حنفی تدریسی خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ شیخ ابوبکر کے اعتدالی رویے کے تعلق سے فرماتے ہیں کہ "شیخ ابوبکر مرکز کی مسجد کے امام سے کہا کرتے تھے کہ وضو کرتے وقت حنفی مذہب کی ضروریات کا بھی خیال رکھنا، کیوں کہ یہ حنفی طلبا بھی تمہارے پیچھے نماز پڑھے گا۔”
نوٹ: اہل کیرالا کی مادری زبان اردو نہیں ہے۔ اس لیے شیخ ابوبکر کی اردو بھی تھوڑی انوکھی رہتی ہے۔