ازقلم: فخر عالم اسماعیلی احسنی بارہ بنکوی
متعلم: جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف
فرمانِ خالقِ کائنات : وَلَا تُنْکِحُوا الْمُشْرِکِیۡنَ حَتّٰی یُؤْمِنُوْا الی آخر اے مسلمہ عورت تم مشرک لڑکوں سے نکاح نہ کرو،
آج مسلم لڑکیاں ارتداد کی طرف اپنا قدم بڑھاتی جا رہی ہیں
کیا وجہ ہے کہ آج مسلم لڑکیاں مرتد ہورہی ہیں؟
اس کی بہت ساری وجوہات میں سے تین وجہیں قابل ذکر ہیں جس سے آج مسلمانوں کی لڑکیاں مرتد ہورہی ہیں:
(۱) سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ ان میں آج دینی تعلیم کی بہت زیادہ کمی ہے اگر صحیح طور پر لڑکیوں کو دینی تعلیم دی جائے اور فرمانِ مصطفی ﷺ طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِیْضَۃٌ عَلٰی کُلِّ مُسْلِمٍ وَّ مُسْلِمَۃٍ پر عمل کرایا جائے تو یقیناً کوئی بھی مسلم لڑکی اسلام کے دامن سے نہیں نکل سکتی ہے،اور جو لڑکیاں مرتد ہورہی ہیں وہ بد تر کام کر رہی ہیں اسلئے کہ اسلام سے پھر جانا مرتد ہو جانا یہ کفر کی سب سے بد ترین قسم ہے۔
(۲) دوسری وجہ والدین کا اپنی بیٹیوں سے بے رغبتی اختیار کرنا ہے۔
اگر والدین چاہیں تو اپنی بیٹیوں کی اچھی تربیت کر کے ان کی زندگی سنوار سکتے ہیں لیکن جب بیٹیاں بڑی ہو جاتی ہیں تو ان کے والدین ان کو آزاد چھوڑ دیتے ہیں اور ان سے اپنی نظریں ہٹا لیتے ہیں پھر وہ اپنے آپ کو آزاد سمجھنے لگتی ہیں پھر ان کا دل غیر مسلم لڑکوں کی طرف مائل ہونے لگتا ہے اور ان کا قدم ارتداد کی طرف بڑھنے لگتا ہے نتیجتاً وہ غیر مسلم لڑکوں کے جال میں پھنس کر مرتد ہو جاتی ہیں والعیاذ باللہ
کیا آپ نے کبھی یہ تصور کیا کہ ہماری لڑکیاں جب مریں گی تو وہ دفنائی نہیں جائیں گی بلکہ وہ جلائی جائیں گی کیا آپ نے کبھی یہ تصور کیا کہ ہماری لڑکیوں کا جب نکاح ہوگا تو خطبۂ نکاح نہیں پڑھا جائے گا بلکہ سات پھیرے لگائے جائیں گے۔
یاد رکھو آج کی بیٹیاں جو اسلام کو بدنام کر رہی ہیں ان کا ذمہ دار کون ہے؟
ان کے ذمہ دار ان کے والدین،ان کے بھائی اور قریبی رشتے دار ہیں۔
(۳) تیسری وجہ مال وثروت کی قلت وکمی ہے۔
اگر بیٹی کے گھر والے مالدار ہیں تب تو اہل ثروت اس سے شادی کرنے کو تیار ہیں اگر چہ وہ بدصورت ہی کیوں نہ ہوں لیکن اگر وہ غریب کی بیٹی ہے تو اہل ثروت ان لڑکیوں کو پسند نہیں کر تے اگر چہ وہ کتنی ہی خوبصورت ہو جب ان بیٹیوں سے امیر لڑکے شادی کرنے کو تیار نہیں ہوتے کہیں رشتہ نہیں مل پاتا تو وہ اپنے آپ کو مجبور سمجھ کر ارتداد کی طرف قدم اٹھاتی ہیں.
اے مسلم بیٹیوں: تم پر جتنی بھی بڑی مصیبت آجاۓ تمہیں مذہب اسلام نہیں چھوڑنا چاہئے کیونکہ یہی سب سے سچا دین ہے جو دین اسلام سے پھر گیا وہ جہنمی ہو گیا اور آج جو تم غیر مسلم لڑکوں کے جال میں پھنس کر اپنا دین چھوڑ رہی ہو شاید تمہیں پتہ نہیں کہ کل یہ غیر مسلم لڑکے تم سے اپنا مقصد و فائدہ حاصل کرنے کے بعد تمہیں بے یار ومددگار چھوڑ دیں گے خدارا باز آجاؤ
اسکولوں کی مخلوط تعلیم بھی بہت بڑی وجہ ہے عشق کے نام پر نفس پرستی کو فروغ دیا جارہا ہے۔
مسلمانوں!جاگو اور جہیز مانگنے والوں کا بائیکاٹ کرو اور جہیز کے خلاف کوئی ایک تنظیم قائم کرو جس سے جہیز جیسی لعنتی شئی پر روک لگائی جاۓ اور جہیز مانگنے کا رواج ( جو کہ بہت بری چیز ہے) ختم کیا جائے تاکہ مسلم لڑکیوں کا نکاح مسلم لڑکوں سے آسانی کے ساتھ ہو سکے اور کم سے کم ان لڑکیوں کا ایمان (جو سب سے بڑی نعمت ہے) محفوظ ہو جاۓ۔ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں توفیق خیر عطا فرمائے آمین بجاہ سیدالمرسلین ﷺ