انتقال و تعزیت

صداے قلب حزیں

اثر خامہ: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری

بسم اللہ الرحمن الرحیم

نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین


جو بادہ کش تھے پرانے وہ اٹھتے جاتے ہیں
کہیں سے آب بقائے دوام لا ساقی


دنیا بھر سے اہل علم و قلم قافلہ در قافلہ نہایت ہی تیزی سے سفر آخرت پر رواں دواں ہیں، ان کا نعم البدل تو درکنار اب ان کا بدل ملنا بھی محال ہے۔ ہمارے دیکھتے ہی دیکھتے ہمارے علم و قلم کے کئی آفتاب و ماہتاب غروب ہوتے جارہے ہیں ، علم و عرفاں کی روشنی دور ہوتی جا رہی ہے اور ہر سو تاریکی پھیلتی جارہی ہے۔ جوں ہی دنیا کے کسی بھی خطے سے کسی عالم باعمل اور صاحب علم و قلم کی رحلت کی روح فرسا خبر بندہ ناچیز ہیچ مدان کے کانوں میں پڑتی ہے تو بے اختیار دل سے ایک”آہ” نکلتی ہے اور پھر داغ مفارقت دینے والی شخصیت کے بارے میں تعزیتی مضمون/ مقالہ/شذرہ لکھنے بیٹھ جاتا ہوں ۔۔ اس سے جانے والی شخصیت کی حیات وخدمات کے حوالے سے معلومات ملتی ہیں اور ان کی بلندئ درجات کے لئے دعائیں کی جاتی ہیں۔ لیکن مجھے اس وقت بہت ہی افسوس ہوتا ہے جب ہم میں سے کئی احباب تعزیتی مضمون پڑھ کر”انا للہ وانا الیہ راجعون” لکھنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے۔ اس بے حسی پر مجھے بہت دکھ ہوتا ہے اور میرا دل خون کے آنسو روتا ہے، کیا ہماری اتنی مصروفیات ہیں کہ ہم بچھڑنے والے کے لیے دو تعزیتی لفظ بھی نہیں بول/لکھ سکتے۔ یاد رکھیں جو قومیں اپنے محسنین کو فراموش کردیتی ہیں وہ جلد یا بدیر اپنے انجام کو پہنچ جاتی ہیں۔ اگر ہم نے وقار و عزت سے زندہ رہنا ہے تو ہمیں اپنے محسنین کی خدمات کا نہایت فراخ دلی سے اعتراف کرنا چاہیے اور ان کی قدر کرنی چاہیے ‌۔ نفسا نفسی کا عالم ہے، ہم صرف دنیا کے پیچھے بھاگتے جارہے ہیں، ہم زندگی کی عصر کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں اور ہماری شام زندگی بھی ہو نے ہی والی ہے۔ دنیاوی ٹھاٹھ باٹھ اور زیب وزینت یہ سب عظمت مستعار ہے۔ لہذا ہمیں جاگ کر رہنا چاہئے اور الحب للہ و لبغض للہ کے تحت حیات مستعار گزارنی چاہیے ، ہم نہایت ہی پرفتن دور سے گزر رہے ہیں ، ہر روز ایک نیا فتنہ سراٹھاتا ہوا نظر آتا ہے ، ہمیں اپنے اکابرین کی”راہ و رسم منزل ہا” پر نہایت استقامت سے چلنا چاہیے ، اسی میں ہماری بھلائی اور کامیابی ہے۔ اللہ کرے ہم سب خواب غفلت سے بیدار رہیں۔ مجدد دین و ملت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ بہت پہلے ہمیں خبر دار فرما چکے ہیں:

سونا جنگل رات اندھیری چھائی بدلی کالی ہے
سونے والو جاگتے رہیو چوروں کی رکھوالی ہے


اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین


(نوٹ: فقیر ان دنوں علیل ہے دعاؤں کی درخواست ہے۔ صابر)
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ
"خلیفۂ مجاز بریلی شریف” سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(2/رجب المرجب 1443ھ/ 4/فروری 2022ء، بروز جمعۃ المبارک بوقت 5:12، عصر)

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے