انتقال و تعزیت

آہ! ترکی کے معروف عالم ربانی الشیخ محمود آفندی نقشبندی بھی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے

سوگوار قلم: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری

بسم اللہ الرحمن الرحیم ، نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین ۔
دنیا کے کونے کونے سے علماء ربانی نہایت تیزی سے داعی اجل کو لبیک کہتے ہوئے سفر آخرت پر روانہ ہوتے جارہے ہیں ‌۔ اتنی کثرت اور اتنی تیزی سے دنیا سے علماء کرام کا اٹھنا قیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے ۔ علماء کے اٹھنے سے علم اٹھتا جارہا ہے ، ایک عالم کی موت ایک جہان کی موت تصور کی جاتی ہے اسی کہا جاتا ہے:
” موت العالم موت العالم "
23/ذیقعدہ 1443ھ/23/جون 2022ء بروز جمعرات کو اس روح فرسا نے تڑپا کر رکھ دیا کہ ترکی میں برکۃ العصر شیخ المشائخ الشیخ محمود آفندی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ بھی داعی اجل کو لبیک کہتے ہوئے کاروانِ آخرت میں شامل ہو گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
الشیخ محمود آفندی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ ترکی میں ایک مینارۂ نور کی حیثیت رکھتے تھے۔ آپ اسلاف کی نشانی ، عالم ربانی اور مرد حقانی تھے۔ آپ کا حلقۂ اثر وسیع وعریض ہے۔آپ نے فکر و اعتقاد کی اصلاح میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ ترکی میں لبرل اور سیکولر طوفانوں اور آندھیوں کے سامنے آپ چٹان بن کر کھڑے رہے۔ آپ کی استقامت اور ثابت قدمی ان طوفانوں کے لئے سد سکندری ثابت ہوئی۔ ترکی میں آپ کے دم قدم سے سلسلۂ عالیہ نقشبندیہ کو کافی فروغ حاصل ہوا ۔ لاکھوں لوگوں نے توبہ کی اور آپ کے حلقۂ ارادت میں داخل ہوئے۔ ترکی کے صدر طیب اردگان بھی آپ ہی کے مرید صادق ہیں۔ آپ کی شخصیت رشد وہدایت کے ایک مینار سے کم نہ تھی، آپ کی نگرانی اور سرپرستی میں ترکی میں بے شمار مدارس اور ادارے قرآن وسنت کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ ان مدارس اور اداروں سے بے شمار حفاظ ، علماء، فقہاء اور مبلغ تیار ہو کر ترکی کے کونے کونے میں قرآن وسنت کی روشنی پھیلا رہے ہیں۔
آپ کی کتاب زیست کے ہر صفحہ سے زہد و تقویٰ ، خدمت خلق ،حق گوئی اور جذبۂ حب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہایت ہی نمایاں ہے۔
آپ جب بھی حرمین شریفین کے سفر میں میں کعبۃ اللہ اور روضۂ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حاضری دیتے تو آپ کی کیفیت دیدنی ہوتی تھی۔ آپ جتنے دن حرمین شریفین میں ٹھہرتے ہمیشہ روزہ کی حالت میں رہتے تھے۔
آپ ساری زندگی معمولات اہل سنت پر نہایت سختی سے کاربند رہے۔ یہی وجہ ہے کہ ترکی میں آپ کے مشاہیر تلامذہ و مریدین عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل میں دستہ بستہ کھڑے ہو کر نہایت ذوق و شوق سے صلوٰۃ و سلام پڑھتے ہوئے نظر آتے ہیں ‌۔
کچھ عرصہ قبل کا واقعہ ہے کہ دعوتِ اسلامی کے مبلغ مولانا عبدالحبیب عطاری زید مجدہ اپنے احباب کے ہمراہ جب آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور حضرت امام بوصیری رحمۃ اللہ علیہ کا شہرۂ آفاق قصیدہ بردہ شریف پڑھا گیا تو آپ کی کیفیت دیدنی تھی ، آپ پر محویت طاری تھی۔
تاج الشریعہ علامہ مفتی محمد اختر رضا خان قادری برکاتی بریلوی الازہری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے دورۂ ترکی پر جب آپ سے ملاقات کی اور مختلف موضوعات زیر بحث آئے تو آپ کو بھی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کا ہمنوا پایا۔۔ آپ اعلیٰ حضرت بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی اعتقادی ، نظریاتی اور فقہی خدمات سے بے حد متاثر نظر آئے۔
ولی را ولی می شناسد
شیخ المشائخ الشیخ محمود آفندی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت سے علم و عرفاں کا ایک عہد ختم ہو گیا ہے۔
آہ! دنیائے اسلام ایک مصلح اور رجل رشید سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو گئی ہے۔
چمن میں پھول کھلنا تو کوئی بات نہیں
زہے وہ پھول جو گلشن بنائے صحرا کو
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل ہمارے ممدوح حضرت الشیخ محمود آفندی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے صدقے ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔
شریک غم اور پر نم
دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ
"خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ و سہ ماہی”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم”(انٹر نیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710/24/ذیقعدہ 1443ھ/24/جون 2022ءبروز جمعہ المبارک بوقت 11:17 دن)

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے