تہنیتی قلم: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین
ناچیز ہیچ مدان کے حلقۂ احباب میں سے مملکت خداداد پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے خطۂ ہزارہ کے مردم خیز ضلع ایبٹ سے تعلق رکھنے والے مولانا محمد اعظم قادری رضوی زید مجدہ کا نام نہایت روشن اور نمایاں ہے۔ ماشاءاللہ، آپ اہل سنت کی ایک نہایت فعال علمی و ادبی شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ کے نانا جان حضرت علامہ عبدالربی رضوی رحمتہ اللہ علیہ (ن: 1387ھ/1968ء) ہیں جو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ (م: 1340ھ(1921ء) کے مرید و تلمیذ ہیں۔ ماشاءاللہ آپ صحیح معنوں میں اپنے نانا جان رحمۃ اللہ علیہ کے روحانی جانشین ثابت ہوئے ہیں۔ آپ عالم باعمل، کہنہ مشق مدرس، صاحب اسلوب طرز مصنف، شیریں بیاں مقرر اور بے مثال مبلغ ہیں ۔ آپ کی ساری زندگی احقاق حق اور ابطال باطل میں بسر ہوئی ہے۔ آپ فکر رضا کے امین اور اسلاف کے خوشہ چین ہیں ۔
محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار ہیں اور ہمیشہ گستاخوں سے برسر پیکار ہیں، سادگی و درویشی آپ کے قول و فعل اورعادات و اطوار سے ظاہر و باہر ہے۔ آپ نے ناموسِ رسالت اور ختم نبوت کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ ہمیشہ میدان عمل میں رہے اور پھر نمایاں رہے۔ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن آپ کے پایۂ استقامت میں ذرا بھی لغزش نہ آئی۔
جہاد بالقلم کے محاذ پر بھی آپ نے خوب قلم کاریاں کیں ہیں۔
آپ نے ایک مختصر تذکرہ” علماء اہل سنت ایبٹ آباد” لکھا جو ایبٹ کے سنی علماء کا تذکرۂ اولیں ہے بعد میں آپ نے ایک عظیم وضخیم”تذکرہ علمائے اہل سنت ایبٹ آباد” ترتیب دیا جس پر فقیر کو تقدیم لکھنے لکھنے کی سعادت حاصل ہوئی اور اسے ادارہ اسلاف شناسی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان کے زیر اہتمام نہایت آب و تاب سے شائع کیا گیا۔ اہل علم و قلم نے اسے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا اور فاضل تذکرہ نگار کو نہایت زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔
آپ نے”ڈائریکٹری علمائے اہل سنت ایبٹ آباد” بھی مرتب فرما کر شائع کی جس سے ایبٹ آباد کے سنی علماء ومشائخ کاآپس میں رابطہ باضابطہ ہوا۔
ایک کتاب آپ نے”فضائل ذکر” لکھ کر ذکر کی اہمیت وافادیت واضح فرما دی۔
ایک کتاب”موضوع روایات” کے حوالے سے لکھ رہے ہیں جس میں موضوع روایات کا نہایت تحقیقی وتنقیدی جائزہ لیا جارہا ہے۔
ایک کتاب”احکام میت” زیر طبع ہے اس پر بھی فقیر کی تقدیم ہے۔
ایک نہایت وقیع” تذکرہ علمائے اہل سنت ہزارہ” بھی ترتیب وتدوین کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ ماشاءاللہ ماشاءاللہ ماشاءاللہ بہت خوب اللھم زد فزد۔
ضرورت تھی کہ آپ کی زندگی میں آپ کی حیات وخدمات کو صفحۂ قرطاس پر لایا جائے اور آپ کی گراں قدر خدمات کا نہایت فراخ دلی سے اعتراف کیا جائے ۔ الحمدللہ فقیر نے ” مولانا محمد اعظم قادری (خلیفۂ مجاز بریلی شریف) حیات وخدمات کے آئینے میں”کے عنوان سے قلم اٹھایا اور نہایت مختصر مگر جامع کتاب طباعت کے مراحل سے گزر کر ادارہ اسلاف شناسی برھان شریف ضلع اٹک پاکستان کے زیر اہتمام شائع ہو کر قارئین کے ذوقِ مطالعہ و ختم کے لئے حاضر ہے۔ اس میں آپ کے احوال ہیں اور اہل علم و قلم کے آپ کے بارے میں گراں قدر اقوال ہیں۔ امید واثق ہے کہ حسب سابق اہل علم و فضل اسے بھی قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے اور اپنے گراں قدر تاثرات و جذبات سے نوازیں گے۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل ہماری اس ادنی کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے اور اسے شہرت عام اور بقائے دوام بخشے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔

دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ
خلیفۂ مجاز بریلی شریف
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و "ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ و سہ ماہی”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (انٹر نیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 53710(19/رجب المرجب 1443ھ/21/فروری 2022ءبروز پیر بوقت 8:41بعد از نماز عشاء)
و