نتیجہ فکر: محمدسلمان رضا فریدی صدیقی مصباحی بارہ بنکوی، مسقط عمان
0096899633908
مبارک ہو سوغات رمضان کی
بہشتی ہے خیرات رمضان کی
شیاطین قید، اور دوزخ ہے بند
عجب ہیں کرامات ، رمضان کی
ندامت کے آنسو گُہَر بن گیے
صدف ہیں مُناجات ، رمضان کی
خدا خود ہی اِس کی جزا میں ملے
ارے واہ کیا بات رمضان کی
نرالے ہیں افطار وسحری کے رنگ
ہیں اعلیٰ عنایات ، رمضان کی
ذرا دیکھو منظر تراویح کا
حسیں ہے یہ بارات رمضان کی
کلامِ خدا اِس میں نازل ہوا
بتاتی ہیں آیات رمضان کی
تلاوت کی خوشبو سے مہکے ہیں سب
معطر ہے برسات رمضان کی
عبادت میں ڈھلتا ہے سب کا مزاج
انوکھی ہیں برکات رمضان کی
لگا دیں عبادت میں دن رات ہم
ہیں انمول ساعات ، رمضان کی
جو قطرہ طلب ہو ، تو دریا ملے
بہت ہے سخی ذات، رمضان کی
بدوں کو بھی جنّت کا مژدہ ملا
سند ہیں عبادات ، رمضان کی
یہ مہمان ، لایا شفاعت کے پھول
کریں ہم مُدارات رمضان کی
نظر آتا ہے بس کرم ہی کرم
پڑھو جب حکایات ، رمضان کی
اٹھا فریدی کا دستِ سوال
ملے بھیک دن رات رمضان کی
مُدارات: مہمان نوازی