نتیجۂ فکر: محمد رمضان امجدی
چیف ایڈیٹر ماہنامہ اسلامی کرن (ہندی) مہراج گنج
مجھ پہ ہوجائے اگر چشم عنایت ان کی
کام کر جائے گی محشر میں شفاعت ان کی
نعت سرکار دوعالم ہے وظیفہ جن کا
بے بہا ان کو ملاکرتی ہے رحمت ان کی
زلف واللیل ہے مازاغ ہیں پیاری آنکھیں
نجدیا سوچ تو کیا چیز ہے صورت ان کی
ساری خلقت میں نہیں کوئی بھی آقا جیسا
بولے جبریلِ امیں دیکھ کے رفعت ان کی
اہلسنت کے لئے مژدہ ہے روز محشر
بخشوا لے گی گنہگاروں کو الفت ان کی
جس کو چاہیں وہ عطا کردیں بہار جنت
رب ہے معطی وہ ہیں قاسم یہ ہے عظمت ان کی
توجو کرتاہے ثنا سرور عالم کی یہاں
امجدی تجھ پہ ہے یہ چشم عنایت ان کی