ازقلم: طارق انور مصباحی
محسن اہل سنت حضرت علامہ حنیف خاں رضوی بریلوی دام ظلہ الاقدس انتہائی منکسر المزاج,متواضع اور خوش اخلاق ہیں۔وہ ایک متبحر عالم دین ہیں۔ انہیں دیکھ کر ہر انصاف پسند یہی محسوس کرے گا کہ پھلدار درخت جھکا ہوتا ہے۔آپ اخلاق وکردار کے اعتبارسے عہد حاضر میں صحیح معنوں میں یادگار اسلاف ہیں۔
امام اہل سنت اعلی حضرت علیہ الرحمۃ والرضوان کی مطبوعہ وغیر مطبوعہ تصانیف کو علامہ موصوف نے جدید ترتیب کے ساتھ شائع فرمایا ہے۔رضویات کا مکمل سیٹ ایک سو اکسٹھ جلدوں میں ہے۔اس کے علاوہ بھی بے شمار دینی کتابیں ان کی اکیڈمی سے اشاعت پذیر ہوئیں۔
امام اہل سنت قدس سرہ العزیز کے بہت سے غیر مطبوعہ رسائل کو حاصل کر کے ان کی اشاعت فرمائی۔یہ بہت ہی مشقتوں بھرا کارنامہ ہے۔
علامہ موصوف امام احمد رضا اکیڈمی(بریلی شریف)کے انتظامی امور کو بھی دیکھتے ہیں اور ساتھ ہی تحریری وتصنیفی خدمات بھی انجام دیتے ہیں۔
حال ہی میں علامہ بریلوی نے درس نظامی کی کتابوں کا مکمل سیٹ اپنی اکیڈمی کی جانب سے شائع فرمایا ہے۔بہت سی درسی کتابوں پر آپ نے خود ہی حواشی بھی رقم فرمائے۔
برصغیر میں احباب اہل سنت مجھے سریع التحریر کہتے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ حضرت علامہ بریلوی سرعت تحریر میں مجھ سے بہت آگے ہیں۔وہ ضعیف العمری میں اتنا کام کرتے ہیں کہ سرعت تحریر میں جوانوں میں بھی کوئی ان کا ہمسر نظر نہیں آتا۔اللہ تعالی حضرت علامہ بریلوی صاحب قبلہ کا سایہ کرم دراز فرمائے اور انہیں دونوں جہاں کی برکتوں سے شادکام فرمائے۔آمین