مذہبی مضامین

فضائل صیام: اسلامی احکام کی روشنی میں

ازقلم: علامہ قمرالزماں خان اعظمی
[سکریٹری جنرل ورلڈ اسلامک مشن، لندن]
پیش کش: نوری مشن مالیگاؤں

اے اہلِ ایمان تم پر روزے اُسی طرح فرض کیے گئے ہیں جس طرح گذشتہ اُمَّتوں کے اوپر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ، یہ روزے چند گنتی کے دن ہیں ان دنوں میں اگر تم میں سے کوئی مریض ہوجائے یا سفر پر ہوتو وہ صحت یا قیام کے دنوں میں اس تعداد کو پوری کرلے، جو لوگ استطاعت نہ رکھتے ہوں اُن کے روزے کا فدیہ ایک مسکین کا کھاناہے لیکن اگر تم میں سے کوئی نیکی کے شوق میں زیادہ کرے تو یہ اس کے حق میں بہت بہتر ہے، اور اگر تم روزہ رکھو تو یہ اس سے بھی بہتر ہے اگر تمہیں علم ہو۔ رمضان کا مہینہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں قرآنِ عظیم کے نزول کا آغاز ہوا، یہ قرآن لوگوں کا ہادی ہے اور ہدایت کی روشن دلیلیں لے کر جلوہ گر ہوا ہے، یہ حق وباطل کے درمیان واضح تفریق کرنے والا ہے۔ پس تم میں سے جو اس مہینے میں موجود ہو، وہ پورے ماہ کے روزے رکھے اور جو بیمار ہویا حالتِ سفر میں ہوتو وہ بعد میں اس کی گنتی پوری کرلے، اللہ تمہارے لیے سہولتوں کو پسند فرماتا ہے دشواریوں کو نہیں، یہ حکم اس لیے ہے کہ تم روزوں کا شمار مکمل کرلو اور اس احسانِ عظیم کے بدلے میں کہ اس نے تم کو ہدایت دی ہے اُس کی بزرگی بیان کرو تاکہ تم شکر گذار بن جاؤ۔

نگاہِ قدرت میں روزے کی حیثیت: سیّدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا]حدیث قدسی[: انسان کے جملہ اعمال اس کے لیے ہیں مگر روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا [یہ میرا کرم اس کا بدلہ بن جائے گا] تم میں جو شخص روزہ دار ہو اُس کے لیے ضروری ہے کہ نہ وہ فحش کلام کرے، نہ ناپسندیدہ کلمات زبان سے ادا کرے، نہ کسی سے جھگڑا کرے اور اگر کوئی اُس کو گالی دے یا جھگڑے پر آمادہ کرنا چاہے تو کہہ دے کہ میں روزہ دار ہوں۔ قسم ہے اُس ذاتِ پاک کی جس کے قبضے میں میری جان ہے روزہ دار کے منھ کی خوش بو اللہ رب العزت کو مشک سے زیادہ محبوب ہے۔ روزہ دار کو دو مسرّتیں حاصل ہوتی ہیں: ایک افطار کے وقت اور ایک قیامت کے دن جب وہ اپنے رب کی بارگاہ میں حاضر ہوکر اپنے روزے کی جزا پائے گا۔

یہ الفاظ بخاری شریف کے ہیں۔ اسی کی ایک اور روایت میں ہے کہ وہ میری وجہ سے کھانا پینا اور دیگر خواہشات کو چھوڑتا ہے پس روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔ ہر نیکی کا بدلہ دس گنا ہوتا ہے۔ مسلم شریف کی روایت میں ہے کہ آدمی کے تمام نیک اعمال کا بدلہ دس گنا سے سات سوگنا تک ہے، لیکن اللہ رب العزت فرماتا ہے کہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔ وہ اپنی خواہش اور خورد و نوش کو میرے لیے چھوڑتا ہے، اسے دو خوشیاں حاصل ہوں گی ایک افطار کے وقت اور ایک اپنے اللہ سے ملاقات کے وقت۔ روزہ دار کے منھ کی خوش بو اللہ رب العزت کی بارگاہ میں مشک سے بہتر ہے۔

جنت کا دروازہ: حضرت سہل ابن سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت فرماتے ہیں کہ جنت میں ایک دروازہ ہوگا جس کا نام ’’ریان‘‘ ہوگا۔ اس دروازے سے صرف روزہ دار ہی داخل ہوں گے ، ان کے علاوہ اور کوئی داخل نہ ہوگا۔ ان سے کہا جائے گا روزہ دارکہاں ہیں تو وہ کھڑے ہوجائیں گے۔ اُن کے علاوہ اور کوئی بھی اس دروازے سے داخل نہ ہوگا اور جب وہ داخل ہوجائیں گے تو دروازہ بند ہوجائے گا تا کہ کوئی اور داخل نہ ہوسکے۔

ستّر سال کی مسافت کی مقدار دوزخ سے دوری: حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ جو شخص اللہ کے راستے میں ایک روزہ رکھے گا اللہ رب العزت ایک دن کے بدلے ستّر سال کی مسافت کی مقدار اُس کو جہنم سے دور فرما دے گا۔

روزہ تمام گذشتہ گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ: سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ارشاد فرماتے ہیں کہ: جو شخص ایمان و احتساب [طلبِ ثواب] کے لیے روزہ رکھے گا اللہ رب العزت اُس کے تمام گذشتہ گناہوں کو معاف کردے گا۔
[اخذ و ترجمہ از: ریاض الصالحین للعلامہ نووی رحمۃ اللہ علیہ]

[ماخوذ: مقالاتِ خطیب اعظم،مرتب غلام مصطفٰی رضوی  مطبوعہ رضا اکیڈمی ممبئی]

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com