تحریر: غلام مصطفیٰ رضوی
[نوری مشن مالیگاؤں]
اسلام کی اشاعت و تبلیغ میں طبقۂ نسواں کا کردار نمایاں رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایثار و قربانی اور دین کے لیے جاں نثاری کی مثال قائم کرنے والی اولین خاتون کا نام ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا ہے۔ جنھوں نے ایسے دور میں جب کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلانِ نبوت فرمایا؛ اور سردارانِ قریش، کفارِ مکہ نے اسلام کے دیے بجھانے کو بڑا زور لگایا؛ دین کی حفاظت و صیانت کے لیے آپ نے بے مثال قربانی دی۔ ظلم برداشت کر لیا اور نبوی شان و عظمت کے تحفظ میں نمایاں رہیں۔ صبر و رضا کا پیکر بن کر خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت کا فریضہ انجام دیتی رہیں۔ اسلام کے داعیانہ فہم و فراست کی عملی تصویر پیش کرتی رہیں۔ دلوں کی دنیا بدلتی رہیں ؎
وہ عہد ظلم و جہالت کے دل نما پتھر
نبی سے ملتے رہے آئینوں میں ڈھلتے رہے
سیدہ طاہرہ: حضرت خدیجۃالکبریٰ رضی اللہ عنہا کے والد کا نام خویلد بن اسد ہے۔ والدہ کا نام فاطمہ بنت زائدہ ہے۔ خاندان قریش کی معزز و دولت مند خاتون تھیں۔ اہلِ مکہ میں اپنی پاکیزگی و پاک دامنی کے سبب ’’طاہرہ‘‘ کے لقب سے معروف تھیں۔
نکاح: رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کی بلندی، کردار کی عظمت، بے مثالی و کمالِ سیرت دیکھ کر نکاح کی خواہش ظاہر کی۔ آپ نے سب سے پہلے اسلام قبول فرمایا۔ مصائب سہے، مظالم وتکالیف برداشت کیں، اسلام پر قائم رہیں اور کاشانۂ نبوی میں رفاقت، استقلال کے ساتھ کوہِ استقامت بنی رہیں۔اپنی ساری دولت اور مال و اموال کو بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نچھاور فرما دیا۔ جسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے راہِ خدا میں خرچ فرمایا۔
جنتی خواتین میں سب سے افضل حضرت سیدنا خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا، سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا، حضرت مریم رضی اللہ عنہا، حضرت آسیہ رضی اللہ عنہا ہیں۔ جن کی مثالی زندگی قیامت تک کی خواتین اسلام کے لیے رہبر و رہنما ہے۔ نشانِ منزل ہے اور باعثِ فخر-
وصال: سرکار اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں ۲۵؍ برس کا عرصہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے گزارا۔ ہجرت سے تین برس قبل ۶۵؍ برس کی عمر میں مکہ معظمہ میں ۱۰؍ رمضان المبارک میں وصال ہوا۔ جنت المعلیٰ میں تاج دار کونین صلی اللہ علیہ وسلم نے خود تدفین فرمائی۔ جن کی بارگاہ کی حاضری روح کی بالیدگی، دل کی ستھرائی کا ذریعہ ہے- دنیا کی لاکھوں خواتین کو ردائے تطہیر فراہم کرنے والی مقدس خاتون مکہ مکرمہ کے اس بابرکت قبرستان میں محو استراحت ہے۔ اہلِ مکہ مکرمہ عموماً یومِ جمعہ آپ کی قبرِ اطہر کی زیارت کو آتے ہیں-
نمونۂ عمل: حضرت خدیجۃالکبریٰ رضی اللہ عنہا بڑی صاحبِ مال تھیں۔ اللہ تعالیٰ نے اخلاق، کردار کی تابندگی کے ساتھ ساتھ مال و منال سے نوازا تھا۔ تجارت میں خوب برکت عطا کی۔ آپ نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے دامن اقدس میں کیا پناہ لی؛ تمام مال راہِ خدا کے لیے بارگاہِ رسالت میں پیش فرما دیا۔ ایثار و مروت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ سادہ زندگی بسر کی۔ بعد کے دور والوں کے لیے آپ کی حیاتِ طیبہ نمونۂ عمل ہے۔ آپ کی وفا شعار زندگی، جہد مسلسل، کد و کاوش، خوبی و ایثار سبھی مثالی ہے اور پیغامِ عمل بھی۔
اسلامی تعلیمات اور تحفظ عظمت نسواں: موجودہ زمانے میں ایک بڑا مسئلہ آزادیِ نسواں کی آڑ میں اسلام کو نشانہ بنائے جانے کا ہے۔قانون سے عاری زندگی یقینی طور پر اعتدال سے رُوگردانی قرار دی جا سکتی ہے۔ اسلامی قانون کی پاسداری میں ایک خاتون کی زندگی پاکیزہ و ستھری گزرتی ہے۔ جب کہ موجودہ آزادیِ نسواں کا نعرہ ان معنوں میں کھوکھلا ہے کہ اس میں عورت کی حیثیت محض کھلونے کی سی ہے، نگہِ ہوس کا شکار ہو کر کتنی ہی خواتین اپنی عفت گنوا بیٹھتی ہیں۔ انھیں محض تفریح کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ اس لیے اسلام کے دامنِ تطہیر میں عظمتِ نسواں بھی سلامت ہے اور وقارِ نسواں بھی قائم و باقی ہے۔ عہدِ رواں کی فحاشی و عیش کوشی نے خواتین کی ذات کو چوراہے پر لا کھڑا کیا ہے، جہاں ان کی عصمت باقی ہے نہ ان کی عزت و وقعت۔ سلام ہو ! لاکھوں سلام ہو حضرت سیدہ خدیجۃالکبریٰ رضی اللہ عنہا پر؛ جن کی مثالی زندگی نے عفتِ نسواں کو عزم و حوصلہ دیا، مغرب کی تیار کردہ بے حیائی و فحاشی کی آندھیوں میں وقار و احترام سے جینے کا ہنر دیا۔ ام المومنین کی شانِ بے نیازی کو سلام، سادہ زندگی کو سلام، پاکیزہ طبیعت کو سلام، ایثار ووفا کے جذبات کو سلام ؎
اہلِ اسلام کی مادرانِ شفیق
بانوانِ طہارت پہ لاکھوں سلام
سیما پہلی ماں کہفِ امن و اماں
حق گزارِ رفاقت پہ لاکھوں سلام
(اعلیٰ حضرت)