نتیجۂ فکر : عبدالعزیزقادری ضیائی خیرآباد ضلع مئو یوپی
پیکر حلم و حیا ہیں حضرت احمد کبیر
منبع لطف و عطا ہیں حضرت احمد کبیر
باغ کے بدلے عطا کردیں جو جنت کا محل
ہاں وہی اہل سخا ہیں حضرت احمد کبیر
دیں شہ کون ومکاں جن کی ولادت کی خبر
وہ شیر مصطفیٰ ہیں حضرت احمد کبیر
سنت سرکار زندہ عمر بھر کرتے رہے
نائب خیر الوریٰ ہیں حضرت احمد کبیر
جن کی خاطر قبر سے دستِ نبی ظاہر ہوا
عاشق خیر الوریٰ ہیں حضرت احمد کبیر
کیوں نہ ہوشفاف باطن ان کے ذکر پاک سے
چشمۂ بحرِ صفا ہیں حضرتِ احمد کبیر
شان و عظمت ان کی مجھ سے کیا بیاں ہو اے عزیز
عقل عالم سے ورا ہیں حضرت احمد کبیر