سیاست و حالات حاضرہ

قوم مسلم گنگا-جمنی تہذیبی ڈھکوسلے سے باہر نکلے

تحریر: آصف جمیل امجدی
[انٹیاتھوک،گونڈہ]
6306397662

ملک عزیز بھارت کا یہ مقدس محاورہ ” گنگا جمنی تہذیب” دگر ملک کے دانشوران قوم و ملت اپنے آبائی وطن کے جملہ باشندگان میں بلاتفریق مذاہب و مسالک کے اخوت و محبت کی روح پھونکنا چاہتے تھے تو فخریہ انداز میں اسے استعمال کرتے تھے۔ یہاں تک کہ قرطاس و قلم میں بھی اسے کشادہ قلبی سے استعمال فرماتے تھے۔ عام بول چال میں ہماری گنگا جمنی تہذیب کی بار بار مثالیں پیش کرتے تھے۔ تاکہ ان کے اندر سے ثقافتی کج فہمی دور ہو۔ اور بلا تفریق مذہب و ملت کے مسرت و شادمانی سے بھری زندگی جی سکیں۔ جس کی وجہ سے ملک کا وقار مزید بلند تر ہوتا چلا جائے گا۔ اور یہ عینی مشاہدہ ہے کہ جنھوں نے ہماری گنگا جمنی تہذیب کو محض محاورہ نہ رکھا بل کہ اسے ملک و حیات کے لیے جزءلاینفک سمجھا آج وہی دیش ترقی کی شاہ راہ پر تیز گام ہے۔ کیوں کہ کوئی ملک اسی وقت ترقی کر سکتا ہے جب اس کے باشندگان میں آپسی اخوت و محبت ہوگی، جو کہ ملک کے لیے مانند ریڑھ کی ہڈی ہے۔ نیز اسی میں سلامتی و بقا ہے۔
آج ہمارے ملک عزیز بھارت کی نہ گفتہ بہ جو حالت بنی ہے وہ گنگا جمنی تہذیب کے بہتے دھارے کو ایک خاص رنگ کے ساتھ خاص سمت میں بذریعۂ باد سیاست بہایا جا رہا ہے۔بلا شبہ یہاں پر بنا تفریق مذہب و ملت صدیوں سے قائم پاکیزہ تہذیب کو سیاسی بھٹی میں ڈال کر پلید کی جارہی ہے۔ اور خاص مذاہب کے لوگوں کی باقاعدہ پلاننگ و ٹریننگ کے ساتھ یہ ذہنیت دی جارہی کہ قوم مسلم کو حراساں کیا جائے۔ ان کو جانی و مالی نقصان پہنچایا جائے۔ ادھر چند سالوں سے جب سے بی جے پی نے زمام حکومت سنبھالی ہے تب سے قوم مسلم کو نشان زد پر لے لیا گیا ہے۔ کبھی گاؤ کشی اور لڑکیوں کے ساتھ چھیڑخانی کے سنگین معاملات میں پھنساکر انہیں جان سے مار دیا گیا۔ توکبھی کچھ اور ہتھ کھنڈے اپنا کر ان کے گھر بار کوپھونک دیا گیا۔ گویا قوم مسلم کا جینا دوبھر کردیاگیا۔ مسلمانوں کے خلاف طرح طرح کے اشتعال انگیز بیان سوشل میڈیا پر وائرل کئے جارہے ہیں۔ تو کبھی بھگوادھاری خاص قسم کے لوگ لہراتے ہوۓ ننگے ہتھیار کی ویڈیو وائرل کر رہیں۔ کبھی مساجد پر حملہ کرکے بے حرمتی کی جارہی ہے۔ لیکن ان سارے معاملات میں حکومت کچھ کہہ رہی ہے نہ ہی پولیس کوئی کارروائی کررہی ہے۔ کچھ تو بھگوادھاری کی اشتعال انگیز ویڈیو ایسی وایرل ہوئی جس میں باقاعدہ پولیس پرساشن کھڑی ہوئی ہے لیکن بھگوادھاریوں پر کچھ بھی فرق نہیں پڑتا ہے۔ اس سے قوم مسلم آخر کیا سمجھے؟۔
آج تک کوئی یہ نہیں بتا سکتا کہ کسی مسلمان نے دھاردار ہتھیار نکالی ہو اور اشتعال انگیز بیان کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کیا ہو۔ ہمیشہ سے ہم یہاں کی قدیم ریت رواج کے مطابق بلاتفریق مذہب و ملت کے گنگا جمنی مقدس تہذیب کو باقی رکھے ہوۓ ہیں۔ جب بھی کوئی سنگین مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو سب سے پہلے ہم اپنے لوگوں کو سمجھاتے ہیں کہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھاؤ جو بھارت کے لیے بدنماداغ ہو۔ بل کہ ہمیشہ سے قوم مسلم نے اس کی فلاح و بہبود کا سامان فراہم کیا۔
آج جب کہ یہ اعلان سوشل میڈیا و پرنٹ میڈیا کے ذریعہ کیا جارہا ہے کہ کوئی بھی ہندو کسی مسلمان سے کچھ بھی خریدے نہ ہی بیچے، بل کہ یہاں تک بھی کہا گیا ہے کہ جو چیز چاہے وہ زمین ہو یا کچھ اور اگر کسی مسلمان کے ہاتھ پہلے بیچ چکے ہو یا خرید چکے ہو تو اسے واپس کردو/ واپس لے لو گویا مسلمانوں سے ہمارا آج کے بعد سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ کیا یہی گنگا جمنی تہذیب ہے؟؟؟۔ کیا مسلمانوں نے اس ملک کی آزادی اور تحفظ و بقا کے لیے کوئی قربانی نہیں دی ہے؟؟؟۔ چاہئیے تو یہ تھا ایسے غلیظ لوگوں سے ملک کو پاک و صاف رکھا جائے لیکن جب رہبر ہی رہزن ہو جائے تو پھر ملک کا حال کیا ہوگا، کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ قوم مسلم اب ہوش کے ناخن لے اور گنگا جمنی تہذیبی ڈھکوسلے سے باہر نکلے۔ بہت ہوگیا اب، بہت برداشت کیا ہم نے، اب مزید سکت باقی نہیں ہے۔ آۓ دن ملک کے حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں لیکن ان کا کوئی مداوا کرنے والا نہیں ہے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com