متفرقات

اسلام ہر زمانے سے ہم آ ہنگ ایک کامل و مکمل دستور حیات ہے: مفتی ظفر احمد قاسمی

جمعیت علماء پہانی کے تحت "عصر حاضر کے تقاضوں اور ان کے حل پر غور وخوض” سے معنون ایک روزہ سیمینار منعقد

ہردوئی: ہماری آواز(یاسر عبدالقیوم قاسمی) 8جنوری// جمعیت علماء پہانی کے زیر اہتمام ” عصر حاضر کے تقاضوں اور ان کے حل،، سے معنون ایک سیمینار منعقد ہوا ، سیمینار میں کئی اہم تجاویز پیش ہوئیں، علماء نے مشترکہ طور پر اپنی تقاریر میں اکابر کی خدمات اور ان کے طریقۂ کار کو مشعل راہ بناکر موجودہ نازک ترین حالات سے نبرد آزما ہونے کی نصیحت کی ، سیمنار میں موجود دیگر علماء و دانشوران نے بھی تجاویز پر مشتمل فارم پر اپنے نام وپتے کے ساتھ تحریری شکل میں مشورے و تاثرات پیش کیے ۔ تنظیم کے ضلعی صدر مولانا عبدالجبار قاسمی کی مختصر دعا پر سیمنار ختم ہوا۔
مدرسہ رحمانیہ لوہانی پہانی میں منعقد سیمینار میں جمعیت علماء اترپردیش وسط زون کے جنرل سکریٹری و فرخ آباد اکائی کے صدر مفتی ظفر احمد قاسمی نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیا،مفتی صاحب نے ازل سے جاری حق و باطل کے تصادم ، اسلام مخالف تیز و تند آندھیوں اور نازک ترین عصری حالات وان کے تناظر میں اکابر و جمیت علماء کی زریں خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی، انہوں نے کہا اسوقت اہل علم ، دانشوران اور سماج کے باشعور افراد کے دوش ناتواں پر بارِ گراں ہے کہ وہ خود ہمت و استقلال کی توانائی سے لیس ہو کر قوم کو موجودہ حالات میں حوصلہ فراہم کریں، لوگوں کو نہ تو مشتعل ہونے دیں اور نہ ہی مایوس، انہوں نے کہا ہمیں کسی فرسودہ نظام کی ضرورت نہیں ، ہمارے پاس ایک ایسا کامل و مکمل دستور حیات اور نظام زندگی موجود ہے جو ہر زمانے سے ہم آہنگ ہو کر ہدایت و رہنمائی اور کامیابی کی شاہراہ پر چلنے کا طریقہ سکھاتا ہے ، انہوں نے کہا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بلا تفریق معاشرے کے مفلوک الحال افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی کیجئے ، ان کی امداد کیجئے ، جذبۂ ایثار کو فروغ دے کر دنیا کے سامنے اسلام کی صاف وشفاف اور سچی تصویر پیش کیجئے، مشن بناکر ملک وملت کی خدمت کیجئیے ، یہ وقت کا اہم تقاضا ہے، مفتی صاحب نے اردو زبان کی ترویج و اشاعت پر بھی زور دیا، جمیت علماء کی ممبر سازی پر حاضرین کو خصوصی توجہ دلائی، ضلعی صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے کہا لاک ڈاؤن کے دوران علماء و حفاظ اور آئمہ ومؤذنین کو ناگفتہ بہ حالات کا سامنا کرنا پڑا، مدارس بند ہونے کے سبب آج بھی وہ اسی دور سے گذررہے ہیں ، لیکن قوم کو ان کی کوئی فکر نہیں، یوپی وسطی زون کے صدر مولانا عبدالرب قاسمی نے استغنا، قناعت کے ساتھ گذران اور جوان مردی وحوصلہ مندی کے ساتھ زندگی بسر کرنے پر توجہ دلائی، صدارت مولانا محبوب الرحمن قاسمی اور نظامت یاسر عبدالقیوم قاسمی نے کی، سیمینار کے منتظم مولانا عطااللہ قاسمی نے اظہار تشکر کیا، حافظ محمد ابرار بحیثیت سرپرست اور مولانا زعیم الاسلام قاسمی بطور نگراں موجود رہے، تلاوت قاری الطاف نے کی، نعتیہ اشعار حافظ فخر الدین ملانوی نے پیش کیے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے