نئی دہلی: ہماری آواز/ 11 جنوری (پریس ریلیز) دہلی میں پیر کو برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد کیجریوال حکومت نے دارالحکومت کے باہر سے پروسیس شدہ اور پیکیڈ چکن پر احتیاطی اقدامات کے طور پر پابندی عائد کردی ہے اس سے قبل دہلی حکومت نے 9 جنوری کو دارالحکومت میں برڈ فلو کے خوف سے مشرقی دہلی کے مرغا منڈی کو دس دنوں کے لئے بند کردیا تھا اور دارالحکومت میں زندہ پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔
ڈپٹی وزیراعلی منیش سسودیا نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ سنجے جھیل سے جانچ کے لئے لئے گئے نمونوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس علاقے سے یہ نمونے لئے گئے تھے اس علاقے کو سینیٹائز کردیاگیا ہے۔ کچھ نمونے مزید تفتیش کے لئے بھیجے گئے ہیں جن کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہیں۔
مسٹر سسودیا نے بتایا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت برڈ فلو کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ چکن اور انڈا کھاتے ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگر وہ مکمل طور پر پکا ہوا یا ابلا ہوا انڈا کھاتے ہیں تو پھر انفیکشن نہیں ہوگا۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایاکہ "میری عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں، حکومت تمام احتیاطی اقدامات کر رہی ہے۔ دہلی کے باہر سے پروسیسڈ مرغی کی فراہمی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ایک عام انفلوئنزا ہے جو پرندوں ، جانوروں یا انسانوں میں پھیل سکتا ہے۔ تاہم ، برڈ فلو انسانوں سے انسانوں میں نہیں پھیلتا ہے۔ یہ صرف متاثرہ پرندوں سے رابطے کے ذریعے ہی انسانوں میں پھیل سکتا ہے۔ جو لوگ چکن اور انڈا کھاتے ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگر آپ مکمل طور پر پکا ہوا یا ابلا ہوا انڈا کھاتے ہیں تو آپ کو انفیکشن نہیں ہوگا۔‘‘