ہماری آوازگوالیار،17 جنوری (پریس ریلیز) زراعت اور کسان بہبود کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت تمام معاملات پر کسان تنظیموں کے ساتھ کھلے دل سے بات چیت کرنے کے لئے تیار ہے۔
مرکزی وزیر تومر نے آج یہاں کاشتکاروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسان تنظیموں کو کوئی اعتراض ہے تو وہ 19 جنوری کو ہونے والے مذاکرات میں نئے زرعی قوانین کی شقوںپر تبادلہ خیال کریں۔ حکومت کسان تنظیموں کے ساتھ کھلے دل کے ساتھ تمام ایشوز پر بات کرنے کے لئے تیار ہے۔
مسٹر تومر نے ‘’یواین آئی‘کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں کہا کہ مرکزی حکومت نے کسان یونینوں سے ایک بار نہیں ، 9بار اور گھنٹوں تک بات چیت کی۔ اس دوران کسان یونینوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ قانون کی شق پر بحث کریں اور انہیں بتائیں کہ انہیں کہاں کہاں اعتراض ہے ، حکومت اس پر غور اور ترمیم کرنے کے لئے تیار ہے۔ حال ہی میں جب کسان یونین نئے قوانین کی شق پر بات نہیں کرپارہی تھی ، تب ہم نے گفتگو کے دوران جو نکات ذہن میں آئے ان نکات پر ہم لوگوں نے تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد ایشوز کو شناخت کر کے کسان یونینوں کو ایک تجویز بھیجی گئی جس میں کچھ ترامیم کرنے بات کہی گئی ہے۔