ہماری آواز/نئی دہلی، 18 جنوری (پریس ریلیز) سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک میں سڑکوں کی تعمیر کا کام تیزی سے چل رہا ہے اور مارچ تک ہر دن 40 کلو میٹر سڑک تعمیر کرنے کا نشانہ حاصل کرلیا جائے گا۔
مسٹر گڈکری نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ایک ماہ تک چلنے والی روڈ سیفٹی مہم کی شروعات کرنے کے بعد یہاں کہ اکہ ملک میں بڑے پیمانے پر سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے اور آئندہ دو ماہ میں ہر دن 40 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا نشانہ حاصل کرلیا جائے گا۔ مسٹر گڈکری کا اپنی گزشتہ مدت کار سے ہی یہ نشانہ حاصل کرنے کا خواب رہا ہے اور اس کے لئے وہ مسلسل کام کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مارچ میں 40 کلو میٹر ہر دن کے حساب سے سڑک تعمیر کا خواب پورا ہوجائے گا۔
اس دوران وزارت سے ملی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں سڑکوں کی ریکارڈ تعمیر کا کام ہوا ہے۔ آٹھ جنوری سے شروع ہوئے ہفتے کے دوران 534 کلو میٹر یعنی ہر دن 28.16 کلومیٹر قومی شاہراہوں کی تعیر کی گئی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ مالی سال اس مدت کے دوران 26.11 کلومیٹر فی دن کی رفتار سے سڑکوں کی تعمیر کی گئی تھی۔