ہم جو ہیں رحمت بداماں رحمتہ اللعالمیں
آپ کا یہ سب ہے احساں رحمتہ اللعالمیں
بہرِ محشر آپ کی چشمِ عنایت کے سوا
کچھ نہیں ہے ساز و ساماں رحمتہ اللعالمیں
آپ کی آمد سے روشن ہوگئی بزمِ جہاں
ہر سو ہے جشنِ چراغاں رحمتہ اللعالمیں
آپ ہی نے دین و ایماں کی عطا کیں دولتیں
آپ پر یہ جان قرباں رحمتہ اللعالمیں
بخشوا لیں گے خدا سے ہم گنہگاروں کو آپ
ہم سبھی کا ہے یہ ایماں رحمتہ اللعالمیں
اللہ اللہ آپ کی پرواز و رفعت دیکھ کر
ہو گئے جبریل حیراں رحمتہ اللعالمیں
شرحِ آیاتِ مبیں ہے آپ کی اک اک ادا
اے امانت دارِ قرآں رحمتہ اللعالمیں
کیجئے اپنے ذکی طارق پہ چشمِِ التفات
یہ بہت ہی ہے پریشاں رحمتہ اللعالمیں
نتیجۂ فکر: ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی