حضور غوث اعظم

غوث اعظم عبدالقادر جیلانی رحمة اللہ علیہ کا علمی مقام

اللہ رب العزت کا بڑا کرم اور بے پناہ احسان ہے کہ اس نے ہر دور میں ہمیں راہ راست پر پر لانے کا مکمل انتظام و انصرام فرمایا جیسے ہمارے سرکار تاجدار ختم نبوت جناب احمد مجتبی محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے قبل انسانوں کی ہدایت کے لیے انبیاء کرام دنیا میں تشریف لاتے تھے مگر جب نبوت کا دروازہ بند ہو گیا تو اللہ تعالی نے ہماری ہدایت کے لئے وارث انبیاء یعنی اولیاء کرام، مجتہدین عظام اور علمائے ذی الاحترام کو اس خاکدان گیتی پر بھیجتا ہے جن کے سپرد مختلف دینی کام ہوتے ہیں۔
یوں تو کبھی اولیاء مجتہدین اور علماء کا طبقہ الگ الگ شمار کیا جاتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ سب اللہ کے نیک بندے ہیں سب کا کام بھٹکے ہوؤں کو راستہ بتانا ہے آج ہم ایسی شخصیت کے بارے میں بات کریں گے جو تنہا ولی ہی نہیں بلکہ ولیوں کے سردار اور اس کے ساتھ ساتھ استاد العلماء والافتاء بھی تھے ہم بات کر رہے ہیں پیر پیراں میر میراں شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کی
ہمارے ہندوپاک میں معمول یہ ہے کہ جب کبھی اولیائے کرام کے ایام منائے جاتے ہیں تو اس کے متعلق کانفرنسز یا محافل میں اکثر و بیشتر موضوعات کرامات ہوتے ہیں حالانکہ کہ صحیح طریقہ یہ ہے کہ ہم صرف اولیاء کرام کی کرامات ہی تک محدود نہ رہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کی حیات کے دیگر گوشوں پر بھی روشنی ڈالی جائے مثلاً ان کی علمی بصیرت کیا تھی معاشرتی انداز اور سیاسی کردار اور عوام الناس میں بھلائی اور سخاوت کا کیا مرتبہ تھا تاکہ انہیں دیکھ کر ہمارے موجودہ دور کے طلباء ان کے طریقے کو اپنائیں دور حاضر میں یہ طریقہ رائج ہے کہ اولیاء کا مقام و مرتبہ ان کے کرامات سے لگاتے ہیں حالانکہ یہ غلط ہے کیونکہ جو اللہ کے ولی ہوتے ہیں ان کے مقام و مرتبہ کے کئی گوشے ہوتے ہیں اور انہی گوشوں میں سے ایک گوشہ کرامت بھی ہے تو یہ عقلمندی نہیں کہ ایک گوشے کو اپنا کر باقی ہزاروں گوشوں سے نظر پھیر لیا جائے، پھر اللہ کے بعض ولی ایسے بھی ہیں جو بظاہر کرامت کے حامل نہیں ہوتے ان کے بارے میں لوگ بالکل بھی کچھ نہیں جانتے اور اللہ کے نزدیک ان کا مرتبہ بہت بلند ہے، حضور غوث الاعظم کے صرف کرامات ہی مشہور نہیں بلکہ ان کے بارے میں آئمہ محدثین کے بہت سے اقوال ہیں اور ان کے دور کے جلیل القدر آئمہ آپ کے تلامذہ تھے جنہوں نے آپ سے علم حدیث علم تفسیر اور علم فقہ علم نحو وصرف اوردیگر علوم بھی پڑھی آپ ہر روز اپنے درس میں تیرہ سے زائد علوم کا درس دیتے تھے اور بعد نماز ظہر قرأت قرآن جیسا اہم مضمون پڑھاتے تھے جس سے آج بہت کم لوگ واقف ہیں اور 90سال کی عمر تک درس و تدریس میں مشغول رہے
غوث پاک تکمیل علم دین اور زہد و مجاہدہ کے طویل سفر کے بعد وعظ و تدریس کا آغاز استاد گرامی حضرت ابو سعد مخرمی رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کردہ مدرسہ سے کیا۔
غوث پاک کے وعظ و تدریس کی شہرت اس قدر بڑھی کہ یہ مدرسہ عاشقان علم دین کی تعداد کو اپنے اندر سمونے سے قاصر تھا پھر اس کی توسیع ہوئی(المنتظم)
آپ سے استفادہ کرنے والے طلباء کی تعداد تقریبا ایک لاکھ ہے جن میں فقہا کی بہت بڑی جماعت شامل ہے (مرآۃ الجنان)
حضور غوث پاک کے علمی بصیرت کا یہ عالم تھا کہ مسئلہ کتنا بھی پیچیدہ ہو اسے ایک پل میں حل فرما دیتے اور چار سو علماء آپ کے واعظ کے ذریعے علم و حکمت کے لازوال موتیوں کو محفوظ کرنے کے لئے حاضر ہوتے (نزہۃ الخاطر)
حضرت عبداللہ خشاب علیہ الرحمہ نے بھی غوث پاک کے تدریسی شہرہ سن رکھا تھا ایک روز آپ ان کی بارگاہ میں شریک درس ہوئے جب آپ کو نحوی نکات نہ ملے تو دل میں وقت ضائع ہونے کا خیال گزرا اسی وقت غوث اعظم متوجہ ہوئے اور فرمایا ہماری صحبت اختیار کر لو ہم تمہیں علم نحو کے امام سیبویہ کا مثل بنا دیں گے یہ سن کر حضرت خشاب نحوی وہیں مستقل ٹھہر گیے(قلائد)
ایک دن حضور غوث پاک کسی آیت کی تفسیر بیان فرما رہے تھے وہاں ابو الفرج عبدالرحمن بن الجوزی بھی شریک درس تھے غوث اعظم نے اس ایک آیت کی چالیس تفسیریں بیان فرمائی جن میں ابن الجوزی کے علم میں گیارہ ہی تفسیریں تھیں باقی 29تفسیروں کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا پھر غوث پاک نے فرمایا کہ اب قال سے حال کی طرف چلتے ہیں تو لوگ مضطرب ہو گیے(قلائد)
آپ کے تلامذہ نہ صرف وقت کے مجتہد اور فقیہ بلکہ اور بھی کئی بڑے عہدے پر فائز تھے جیسے سلطان نورالدین زنگی نے تلمیذ غوث اعظم حضرت حامد بن محمود علیہ الرحمہ کو حرّان کا قاضی اور مدرس مقرر فرمایا اور تلمیذ غوث پاک حضرت زین الدین علی بن ابراہیم سلطان صلاح الدین ایوبی کے خاص مشیر تھے۔
سلطان صلاح الدین ایوبی نے جس لشکر کے ذریعے القدس کو فتح کیا اس لشکر میں شامل لوگوں کی اکثریت غوث پاک کے مریدین اور تلامذہ کی تھی گویا آپ کی بارگاہ کے فارغ التحصیل طلبہ صرف مجتہد ہی نہیں بلکہ عظیم مجاہد بھی تھے۔

ازقلم: محمد اورنگزیب عالم مصباحی (گڑھوا جھارکھنڈ)
رکن: مجلس علمائے جھارکھنڈ

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے