ہماری آواز/نئی دہلی 29 جنوری(پریس ریلیز) مرکزی حکومت سے زرعی قوانین کو واپس کرنے کے مطالبے کے سلسلے میں مظاہرہ کررہے کسانوں اور مقامی ہونے کا دعویٰ کرنے والے کچھ لوگوں کے گروہ کے درمیان جمعہ کو ہوئی پرتشدد جھڑپ میں علی پور تھانہ انچارج(ایس ایچ او) زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دوپہر بعد مظاہرین کسانوں اور باہر سے آئے کچھ لوگوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی۔ حالا ت پر قابو پانے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا ہے اور آنسوگیس کے گولے چھوڑے ہیں۔ اس دوران علی پور تھانہ کے ایس ایچ او پردیپ پالی وال زخمی ہوگئے۔ اس جھڑپ میں کچھ کسان بھی زخمی ہوئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ مقامی لوگوں کا دعویٰ کرنے والے گروہ کسانوں کو سنگھو بارڈر سے ہٹانے کامطالبہ کررہے تھے۔ اس دوران دونوں گروہ آپس میں لڑپڑے۔ دونوں طرف سے پتھراو بھی ہوا۔
غورطلب ہے کہ گزشتہ دوماہ سے زیادہ وقت سے سنگھوبارڈر پر زرعی قانون کو واپس کرنے کے مطالبہ کے تعلق سے بڑی تعداد میں کسان تحریک کررہے ہیں۔