حضرت علامہ مبارک حسین صاحب مصباحی ایڈیٹر ماہنامہ اشرفیہ کے سانحۂ ارتحال کی خبر دیر رات 12 بج کر 5 منٹ پر اس وقت ملی جب ناچیز اپنی زیر تصنیف کتاب "آؤ نماز پڑھیں” کی کمپوزنگ کرنے کے بعد سونے کی تیار کررہا تھا، دل بےحد رنجیدہ ہے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
اگرچہ میری ان سے بالمشافہ ملاقات کبھی نہ ہو سکی، مگر فون پر ان کی شفقتوں اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہا۔ وہ میری بڑی قدردانی فرمایا کرتے تھے۔ یہ اعزاز میرے لیے بہت بڑا تھا کہ جامعہ اشرفیہ جیسے عظیم ادارے کے ایڈیٹر خود میرے کام کو سراہتے اور رہنمائی فرماتے۔
میری پہلی اور آن لائن دو ماہی میگزین "ہماری آواز” کا رسم اجرا انہوں نے آن لائن کیا تھا، اس موقع پر خوب دعاؤں سے نوازا۔ میرے کئی اہم مضامین کو انہوں نے ماہنامہ اشرفیہ میں نہ صرف شائع فرمایا بلکہ خود اصلاح و تصحیح کے بعد قابل اشاعت بنایا۔ حیرت ہوتی تھی کہ اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود وہ اکثر خود فون کرکے خیریت دریافت کرتے، لکھنے کی ترغیب دیتے اور خبرگیری فرماتے۔
کتابوں کی تصنیف و تالیف کے سلسلے میں ان کے مشورے میرے لیے بیش قیمت سرمایہ تھے۔ موضوع کے انتخاب سے لے کر اسلوب تک، ہر موڑ پر ان کی رہنمائی شامل رہی۔
گزشتہ سال مادرعلمی دارالعلوم امام احمد رضا بندیشرپور، سدھارتھ نگر کے سلور جبلی کے موقع پر "امام احمد رضا ایوارڈ” کے لیے حضرت کا نام بھی منتخب ہوا تھا۔ استاذ گرامی حضرت مولانا صاحب علی صاحب قبلہ چترویدی کے حکم پر دعوت نامہ میں نے ہی بھیجا تھا۔ افسوس کہ وہ علالت کے سبب تشریف نہ لا سکے۔ انتظامیہ نے ان کا ایوارڈ مجھے سپرد فرما دیا کہ میں ان تک پہنچا دوں۔ یہ میرے لیے دوہرا اعزاز تھا۔ ایک طرف خود ایوارڈ ملا، دوسری طرف حضرت کا ایوارڈ بھی امانتاً میرے پاس آیا۔
حضرت مصباحی صاحب میرے استاذ تو نہیں تھے، مگر ان کا رویہ ہمیشہ مشفق سرپرست جیسا رہا۔ فون پر ان کی آواز سن کر یہی لگتا تھا کہ کوئی اپنا حال پوچھ رہا ہے۔
آج اردو صحافت ایک باوقار مدیر، شفیق قدردان اور مخلص رہنما سے محروم ہوگئی۔ ماہنامہ اشرفیہ کا دفتر اور علمی دنیا ایک خلا محسوس کرے گی۔
دعا ہے کہ اللہ رب العزت حضرت کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو صدقۂ جاریہ بنائے، درجات بلند فرمائے اور تمام پسماندگان، تلامذہ و متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
سوگوار
محمد شعیب رضا نظامی فیضی
قاضی شہر گولا بازار و استاذ جامعہ رضویہ اہلسنت گولا بازار ضلع گورکھپور یو۔پی۔
ڈائریکٹر ہماری آواز و ایڈیٹر سہ ماہی نور حق ہندی میگزین
تاریخ: 5 جون 2026ء