نعت رسول

نعت رسول: جسے کر دے خدا اونچا وہ نیچا ہو نہیں سکتا

نتیجۂ فکر: شمس الحق علیمی شمسی، مہراج گنج

رسولِ ہاشمی کا جو بھی شیدا ہو نہیں سکتا
ہمارا اس سے ہرگز کوئی رشتہ ہو نہیں سکتا

یہ باتیں روزِ روشن کی طرح ہیں آج بھی ظاہر
جسے کر دے خدا اونچا وہ نیچا ہو نہیں سکتا

سجائی جس نے چہرے پر نبئ پاک کی سنت
جہنم میں وہ جلنے والا چہرا ہو نہیں سکتا

جو رہتا ہو ہمیشہ ہی خدا کی یاد سے غافل
بلا کا اس کے اوپر سے ازالہ ہو نہیں سکتا

یہی بولے مدینے کے مسافر لوٹ کر سب سے
نگاہوں سے ہماری دُور طیبہ ہو نہیں سکتا

جو غدارِ نبی ہیں حشر میں تم دیکھنا اُن کو
رسولِ پاک کا ہرگز نظارہ ہو نہیں سکتا

دعا ماں باپ کی ہر وقت جو بھی لیتا ہو شمسی
زمانے میں کبھی وہ شخص رسوا ہو نہیں سکتا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے