تحریک کے عملی نفاذ کے لیے منعقد مشاورتی اجلاس میں کمیٹی کی تشکیل
بیگوسرائے: ہماری آواز(نمائندہ) 2فروری
عظیم دینی وملی تنظیم امارت شرعیہ کی انقلابی تحریک ’’ہفتہ ترغیب تعلیم وتحفظ اردو ‘‘ کے تحت آج مورخہ ۲؍فروری ۲۰۲۱ء کو شہر بیگوسرائے کی کچہری مسجد میں ضلع بیگوسرائے کے علماء، ائمہ ، پروفیسرس ، صحافی ، ایڈوکیٹ، ذمہ داران مدارس و اسکول، سماجی وسیاسی حضرات کاایک خصوصی مشاورتی اجلاس حضرت مولاناانظارعالم قاسمی نائب قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء پٹنہ کی صدارت اور حضرت مولانا عبد العظیم حیدری مظاہری قاضی شریعت بیگوسرائے کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کاآغاز مولانامحمداشرف قاسمی کی تلاوت قرآن اور لقمان عثمانی کی نعت پاک سے ہوا۔ افتتاحی و تمہیدی گفتگوکرتے ہوئے قاضی شریعت نے تحریک کی عظمت ، مشاورتی اجلاس اور موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عملی نفاذ کے لیے عملی محبت کاثبوت پیش کرتے اور خصوصی مشورہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ نئی تعلیمی پالیسی کی خطرناکی اور مستقبل میں نئی نسل کے دین وایمان کے تحفظ و بقا کومحسوس کرتے ہوئے حضرت امیرشریعت مفکراسلام حضرت مولانامحمدولی رحمانی دامت برکاتہم نے ہم سب کو آواز دی ہے ۔یہ تحریک نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ ہماری ملی و ثقافتی تشخص اور بقا کے لیے تریاق ہے جو مستقبل میںایمان کے تحفظ اور ترقی کاضامن ہے۔ ہربچہ تعلیم یافتہ اور بنیادی دینی تعلیم سے آراستہ ہو یہ ہم سب کی ملی ذمہ داری اور دینی فریضہ ہے۔ مولاناانظارعالم قاسمی نے کہاکہ بنیادی دینی تعلیم، عصری اداروںکاقیام اور اردو کاتحفظ اور فروغ ان تینوں خطوط پر امارت شرعیہ اور امیرشریعت کی ہدایت کے مطابق ذمہ دار احباب اقدامات کرنے کاعہد کریں جس سے ضلع میں نمایاں تعلیمی انقلاب آئے، عملی نفاذ کے لیے امارت شرعیہ کاجامع منصوبہ اور رہنمااصول بھی ہیں، ہرجگہ ہرمحلہ میں مکتب کانظام قائم ہو، نبوی طریقہ سے سبق لیتے ہوئے مساجد کو مرکز بنائیں اور تعلیم کو اولین ترجیح دیں۔ اردو زبان کے پڑھنے لکھنے کارواج عام کیاجائے۔ اخبار ورسائل خریدے جائیں۔ہم قدم بڑھائیں اور خلوص دل سے محنت کریں ،محنت رنگ لائے گی ورنہ لمحون نے خطا کی صدیوںنے سزا پائی کے مصداق ہوں گے۔ ضلع میں تحریک کے عملی نفاذ کے لیے پروفیسرشمیم باروی، مفتی شکیل منصور قاسمی، مفتی خالد حسین نیموی قاسمی صدر ضلع جمعیۃ علماء، معراج اخترہاشمی ایڈوکیٹ ، مولاناشاداب اظہررحمانی، مفتی عبدالجبار مظاہری ، مولاناصابر نظامی قاسمی سکریٹری ضلع جمعیۃ علماء، مقبول عالم راجدلیڈر، مولانافیض الرحمن سکریٹری کاروان اردو، حافظ روح اللہ سکریٹری انجمن ترقی اردو ، قاضی ارشد قاسمی ، مولانازین العابدین قاسمی، ماسٹر انواراحمدرحمانی، پروفیسر شمیم القاسمی، ماسٹر مبین اختر ، شاہ فیصل رحمانی وغیرہ نے اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا۔ پورے ضلع میں بلاک کی سطح پر کام کومنظم و مستحکم بنانے اور اس تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے ہربلاک سے اہل علم ودانش کی ایک ضلعی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اورقاضی شریعت حضرت مولاناعبدالعظیم حیدری کو کمیٹی کاسرپرست ، مولانامفتی محمدخالدحسین نیموی قاسمی کو کنوینر اور نائب قاضی مفتی محمدشبیرانورقاسمی و معاون قاضی مفتی جرجیس اکرم قاسمی کو معاون کنوینر بنایاگیا۔ آج کے اس اجلاس میں ضلع کے مختلف بلاکوں سے بڑی تعداد میں ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکڑوں کی تعدادمیں شریک حضرات نے جوش و خروش کے ساتھ حضرت امیرشریعت اور امارت شرعیہ کے پیغام کو عملی جامہ پہنانے کاعہد کیا اور اس اقدام کو وقت کی ضرورت اور انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے ضلع میں نئے تعلیمی انقلاب کاوسیلہ بتایا۔ آخر میں حضرت قاضی شریعت کی دعا پر مجلس کااختتام ہوا اور بعدنمازظہر مہمانوں کی شاندار اندازمیں ضیافت کی گئی۔