نتیجۂ فکر: اشرف رضا قادری
چھتیس گڑھ
کوئی کیا سمجھے کیا ہے مرتبہ صدیق اکبر کا
نبی صدیق اکبر کے خدا صدیق اکبر کا
خدائے پاک خود اتقیٰ انھیں قرآں میں کہتا ہے
ہے دل ایسا مصفیٰ آئینہ صدیق اکبر کا
وہ بعد انبیا ہیں سب سے افضل نوع انساں میں
بڑھا عشق نبی سے مرتبہ صدیق اکبر کا
قبولیت کا پاتا ہے شرف فضل الہی سے
جو دیتا ہے دعا میں واسطہ صدیق اکبر کا
نبی کے عشق نے اتنا کیا رب سے قریب ان کو
ہوا اللہ والا جو ہوا صدیق اکبر کا
نبی نے دست رحمت سے اسے روشن کیا اشرف
ابد تک بجھ نہیں سکتا دیا صدیق اکبر کا