اصلاح معاشرہ کے طریقوں پر علماء نے کیا غور، ہر نصف ماہ میں اصلاحی نشست کے انعقاد کا لیا فیصلہ
ہردوئی: 9فروری/ ہماری آواز(یاسر عبدالقیوم قاسمی)
جمیعت علماء گوپامئو کے زیراہتمام مدرسہ اصلاح المسلمین میں اراکین وائمہ مساجد کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، میٹنگ میں نبوی ہدایات، سیرت مقدسہ اور صحابہ کرام کی پاکیزہ زندگیوں کی روشنی میں اصلاح معاشرہ کے طریقوں پر غور و خوص کیا گیا، غور و خوض کے بعد حاضرین نے اتفاق رائے سے چند اہم فیصلے لیے۔
بعد نماز مغرب مقامی صدر مولانا محمد شاہد قاسمی کی زیر صدارت منعقدہ میٹنگ میں حالات حاضرہ کے تناظر میں معاشرتی برائیوں کے انسداد و اصلاح منکرات کے طریقوں پر غور کرتے ہوئے ہر نصف ماہ میں ایک دینی ، تبلیغی و اصلاحی پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ لیا گیا، جس کیلئے گوپامؤ اطراف کے مواضعات کو چار حلقوں میں تقسیم کیا گیا، اطلاع کے مطابق اس سلسلے کا پہلا پروگرام 12 فروری بروز جمعہ قصاب والی مسجد میں منعقد ہوگا ، جس میں ضلعی نائب صدر مولانا محمد حسن قاسمی اور مولانا محمد عرفان ندوی پردہ و حالات حاضرہ کے عناوین پر خطاب کریں گے، علاوہ ازیں میٹنگ میں یہ بھی طے ہوا کہ حلقے کی تمام مساجد میں آئندہ نماز جمعہ سے قبل تقاریر کے عناوین کے انتخاب کے لیے ہر جمعے کو بعد نماز عشاء تبلیغی مرکز میں علماء کی نشست منعقد ہوگی، مولانا شاہد قاسمی نے بتایا سبھی مساجد میں 12 فروری نماز جمعہ سے قبل خطابات کا عنوان "تعلیم وتعلم کی فضیلت طے کیا گیا ہے،، انہوں نے اپیل کی کہ حلقے کی سبھی مساجد کے ائمہ وخطباء اسی عنوان کے تحت تقاریر کرکے عوام الناس میں تعلیمی بیداری پیدا کریں، میٹنگ کی نظامت جنرل سکریٹری مولانا محمد عمران ندوی نے کی، اس موقع پر مولانا شمس الدین ،مولانا محمد عرفان، مولانا محمد افضال ، مولانا عبدالرحمن، حافظ شاہنواز، حافظ دلشاد، مولانا حمایت علی و دیگر اراکین و مدعوئین موجود رہے۔