خواجہ غریب نواز منقبت

منقبت: نشانِ جرأتِ شیرِ خدا غریب نواز

از: فریدی صدیقی مصباحی
مسقط عمان
0096899633908

نشانِ جرأتِ شیرِ خدا غریب نواز
دیارِ ہند کے مشکل کُشا غریب نواز

نبی نے جوہر ہستی سنوار کر بھیجا
سراپا مَظہرِ خیر الوریٰ غریب نواز

ادا ادا میں ہدایت کا جلوۂ تاباں
سفیرِ عشقِ امام الہدیٰ غریب نواز

ہر ایک نقشِ قدم ہے تجلیوں کا حرم
نقیبِ رحمتِ ربُّ العُلیٰ غریب نواز

صدا تھی ایسی کہ دشمن بھی کہہ اٹھے لبیک
سبھی پکارے، مرے رہنما غریب نواز

رُخِ صداقتِ "صدیق” کا مکمل عکس
"عُمَر” کا عدل "غنی” کی سخا غریب نواز

کمالِ صبر و رضا میں وہ نائبِ "شبیر”
بصیرتوں میں "حَسَن” کی ادا غریب نواز

دل و نگاہ میں "لایَحزَنُوں” کی تنویریں
دُکھی دلوں کیلئے آسرا غریب نواز

ہے جس سے باغِ دو عالَم کو رنگ و بو حاصل
اُسی چمن کے گُلِ باصفا غریب نواز

نصیرِ دشتِ مصائب ، انیسِ راہ اَلَم
وکیلِ عَرصۂ روزِ جزا غریب نواز

کسی ستم کے اندھیرے سے ہم نہ ٹھہریں گے
دِکھا رہے ہیں ہمیں راستہ غریب نواز

وہ التجا نہ سنیں ، ایسا ہو نہیں سکتا
پکارییے تو سہی ! دل سے یا غریب نواز

وہ در ہے قرب الٰہی کا ایک روشن باب
خدا کے فضل کا ہیں واسطہ غریب نواز

اُنہی کے ہاتھ ہے ایوانِ ہند کی شاہی
ہیں بادشاہوں کے بھی بادشہ غریب نواز

اُس آفتابِ نوازش میں بھید بھاؤ نہیں
اِسی لیے اُنھیں سب نے کہا غریب نواز

بیانِ شانِ معیں ، قصۂ انا ساگر
ضیاے فضلِ شہِ کربلا غریب نواز

اٹھے کرم کی نظر اے پناہِ اہلِ حق
عطا ہو عِزّ و عُلا کی عَبا غریب نواز

ہے آسمانِ تکبُّر پہ وقت کا "جے پال”
وہی سزا ملے اِس کو بھی یا غریب نواز

نکھار دیتا ہے تابِ نظر ترا روضہ
ہر اک نظارہ ہے راحت فَزا غریب نواز

فریدی اُن کی پہنچ ظِلِّ "نَحنُ اَقرَب” ہے
مدد کو آ گیے جس دم کہا غریب نواز

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے