سندیلہ/ ہردوئی: 28 فروری، ہماری آواز(یاسر قاسمی)
گزشتہ شب خلیفہ چہارم حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ولادت باسعادت کے موقع پر قصبہ کے محلہ منگل بازار واقع خانقاہ ساغریہ میں غریب نواز فاؤنڈیشن کی جانب سے جشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت تحریک پرچم محمدی کے صدر فرید الدین احمد نے کی۔ مہمان خصوصی شہر قاضی سید محمد عارف عبداللہ اور مہمان اعزازی مدرسہ غوثیہ کے پرنسپل مولانا مہندی حسن رہے۔جلسہ کو خطاب کرتے ھوے شہر قاضی سید محمد عارف عبد اللہ نے کہا کہ حضرت علی کرم الله وجہہ سے محبت ایمان کی علامت اور بغض نفاق کی نشانی ہے۔ انکی اطاعت اور پیروی رشدو ہدایت ہے۔ آپ کی سیرت کے نور سے کائنات کا ذره ذره جگمگا رہا ہے ۔ ان کی سیرت مسلمانوں کے لیۓ چشمہ ہدایت ہے۔ اسلامی تحریک کے کارکنان کے لیۓ روشنی کا مینار ہے۔ حضرت علی سخاوت شجاعت کا دریا اور علم کا سمندر ہیں۔ فرید الدین احمد نے کہا کہ آخری رسول محمد ﷺ کے داماد اور چوتھے خلیفہ امیرالمومنین حضرت علیؓ کی ساری زندگی غریبوں اور مسکینوں کی امداد کرنے اور عبادات میں صرف ہوئی ہے ۔ انہوں نے زندگی کا ہر لمحہ قرآن و حدیث کی روشنی میں گزارا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت علی ؓکی حیات طیبہ کو نمونہ بنا کرکے اپنی زندگی بسر کریں۔ مدرسه غوثیه کے صدر مدرس علامه مولانا مہندی حسن نے کہا کہ حضرت علیؓ اپنی زندگی سے زیاده حضورﷺ سے محبت کرتے تھے ۔وه بہت ہی انصاف پسند تھے ان کا عدل و انصاف پوری کائنات کے لیۓ نمونہ ہے۔ ان کی نصیحتوں پر عمل کر تے تو آج ملک و سماج اور معاشرے کے لیۓ بہترین نمائندے ہوتے۔خانقاہ کے سجاده نشین معزالدین احمد ساغری چشتی نے کہا کہ حضرت علیؓ کو دین اسلام میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔انہوں نے ہمیشہ ظلم وتعدی کی مخالفت کی۔ امن و امان قائم کیا۔ عبدالولی صدیقی نے حضرت علی کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے حافظ فرحان الحق نے کیا۔نظامت اقبال احمد نے کی۔ انوارالحق ، منا صابری ، ڈاکٹر زبیر صدیقی،سہیل سندیلوی، فرحان ساغری،فرحت محمودد نے نعت و منقبت کا اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر غریب نواز فاؤنڈیشن کے صدر شفیع احمد صابری، نبی الله انصاری ،طاہر انصاری،سفیان، خورشید سمیت دیگر لوگ موجود رہے۔ نذرخوانی دورد و سلام کے ساتھ جلسہ اختتام پزیر ہوا۔ معیزالدین احمد ساغری چشتی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔