متفرقات

سربراہ رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور دعائیں دیں

مسجد یونس مالیگ، مسجد بسم اللہ اور اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کی وزٹ

مالیگاؤں: 3مارچ، ہماری آواز(نامہ نگار) اللہ تعالیٰ ان تمام پروجیکٹس کو پایۂ تکمیل تک پہنچائے- عزم و حوصلہ عطا فرمائے- غیب سے ان مبارک تعمیرات کے مکمل ہونے کا سامان مہیا فرمائے- اس طرح کے دعائیہ کلمات سے گزشتہ روز سربراہ رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری صاحب نے نوازا- موصوف کی مالیگاؤں آمد تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کے سلسلے میں منعقدہ کنونشن کے تحت ہوئی- آپ نے نماز ظہر مسجد یونس مالیگ میں ادا کی- تعمیرات کا جائزہ لیا- پرشکوہ گنبد دیکھ کر مسرور ہوئے اور فرمایا کہ گنبد رضا کی اس مسجد پر تعمیر سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور احترام کا پیغام تازہ ہوتا ہے- بعدہٗ آپ نے مالیگاؤں ہائی وے سے متصل مسجد بسم اللہ کی تعمیراتی سرگرمیاں ملاحظہ کیں- ہائی وے پر قائم اس مسجد کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر فروغ دین و سنیت کیلئے کئی مفید مشورے عنایت کیے- منتظمین کو دعائیں دیں- واضح رہے کہ دونوں مساجد رضا اکیڈمی نے قائم کیں جن کی تعمیر بڑی تیزی سے تکمیل کی سمت رواں دواں ہے- یہاں سے الحاج محمد سعید نوری صاحب نے اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر نور باغ پہنچ کر تعمیر کا جائزہ لیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس اہم تعمیر کو جلد از جلد مکمل ہونے کے اسباب مہیا فرمائے اور یہاں سے مسلکِ اعلیٰ حضرت کا فروغ ہو- اس موقع پر آپ نے نوری مشن کے اشاعتی کاموں کو بھی حوصلہ افزا کلمات سے نوازا- الحاج محمد عارف رضوی، مولانا محمد عباس رضوی، احمد رضا نوری میاں، مولانا ظفرالدین رضوی بھی ہمراہ تھے- جب کہ ڈاکٹر رئیس احمد رضوی، شکیل احمد سبحانی، غلام فرید، غلام مصطفیٰ رضوی، امتیاز خورشید نے مذکورہ تعمیری کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا- الحاج محمد سعید نوری صاحب ان دنوں ملک کے مختلف علاقوں میں پہنچ کر ناموسِ رسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کے تحفظ کے لیے عاشقانِ مصطفیٰ میں بیداری پیدا کر رہے ہیں- موصوف کا شہر دورہ بہت اہمیت کا حامل رہا-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے