جلگاؤں:29 جنوری۔ (اُسید اَشہر) جماعتِ اسلامی ہند، مہاراشٹر کی جانب سے ریاستی سطح پر دس روزہ دعوتی مہم "اندھیروں سے اُجالے کی طرف” 22 سے 31 جنوری تک چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے چلتے جہاں کارنر ملاقاتیں، بک اسٹالس، سرکاری دفاتر میں آفیسران سے ملاقاتیں اور مندر، چرچ میں بیانات جیسی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں، وہیں طلبہ میں دعوت دین کے تئیں بیداری کے لیے کیمپس کیمپس جا کر پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر جماعت اسلامی ہند، جلگاؤں کی جانب سے 29 جنوری کو جلگاؤں کے قریبی علاقہ موہاڑی، شیوار میں واقع اقرا ایجوکیشنل کیمپس میں پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس میں اقرا یونانی میڈیکل کالج، اقرا ڈی ایڈ کالج، بی ایڈ کالج اور اقرا اقامتی ہائی اسکول کے طلبہ و طالبات اور جملہ اسٹاف نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز لائبریرین محمد اقبال عبدالقادر شیخ کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ اس موقع پر اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالکریم سالار نے اپنے ابتدائی کلمات میں اس مہم اور جماعت کی کوششوں کو سراہا اور کہا، "سماج کے موجودہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے جماعت اسلامی جو کام کر رہی ہے اس کے لیے وہ قابلِ تعریف اور مبارکباد کے مستحق ہیں۔” انہوں نے اقرا ڈی ایڈ اور بی ایڈ کے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے اپنے کردار کے ذریعہ اسلام کا مبلغ بننے پر زور دیا۔ ساتھ ہی تمام طلبہ و طالبات سے اس مہم سے جڑنے اور ہر ممکن تعاون کی اپیل کی۔
اس کے بعد اپنے کلیدی خطاب میں معاون امیرِ جماعت اسلامی جلگاؤں اور مہم کے سٹی کنوینر سہیل امیر شیخ نے "من الظلمت الی النور” کے قرآنی تصور کو واضح کیا اور "اللہ کے نور” کو ہر شخص کی روحانی ضرورت قرار دیا۔ ان کے مطابق سماج میں پھیلے برائیوں کے اندھیرے صرف توحید کے نور سے دور کیے جاسکتے ہیں اور یہ سماج اسلامی نظام کے سائے میں ہی چین کی سانس لے سکتا ہے۔
بعد ازیں، اقرا یونانی میڈیکل کالج کے طالب علم اطہر شیخ نے مہم کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اقرا بی ایڈ کالج کے پروفیسر ایشور سونگیرے نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی دھرم برائی کی تعلیم نہیں دیتا۔ مذہب کے تعلق سے جذباتی نہ ہوتے ہوئے اس کی تعلیمات پر عمل کرنا اہم ہے۔
اقرا یونانی میڈیکل کالج کے پرنسپل قاری عبدالقدوس نے اپنے اظہارِ خیال میں طلباء کو اخلاق و کردار کا غازی بننے کی تلقین کی۔
اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند، جلگاؤں کے امیر مقامی شیخ مشتاق احمد نے مہم میں طلباء کی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "بھلے ہی یہ مہم 31 جنوری کو ختم ہوجائے گی لیکن دعوت الی اللہ کا کام ہمیں ہمیشہ جاری رکھنا ہے۔”
اس پروگرام میں اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری الحاج عبدالغفار ملک، اقرا ایچ جے تھیم کالج کے چیئرمن ڈاکٹر اقبال شاہ، اقرا شاہین ہائی اسکول و جونیئر کالج کے پرنسپل شیخ گلاب اسحٰق، اقرا بی ایڈ کالج کے پرنسپل شیخ عرفان، اقرا اقامتی اسکول کے ہیڈ ماسٹر قاضی ضمیرالدین، رکنِ جماعت حفیظ خان، کارکنِ جماعت یوسف سر شریک تھے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ساجد دیشمکھ نے ادا کیے اور رسم شکریہ عادل خان سر نے ادا کی۔
پروگرام کے اختتام پر جماعت اسلامی ہند، جلگاؤں کی مقامی حلقہ خواتین کی ناظمہ نسرین محمود خان اور مقامی جی آئی او یونٹ کی ذمہ دار عائشہ عارف دیشمکھ نے طالبات سے خطاب کیا۔